اقلیتی بہبود کی مختلف اسکیمات کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ روپیوں کی اجرائی

حیدرآباد۔/26ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کیلئے 12کروڑ 50لاکھ 26ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ مالیاتی سال 2014-15 کے بجٹ کے تحت یہ رقم جاری کی گئی۔ اسپیشل سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے آج اس سلسلہ میں دو علحدہ احکامات جاری کئے۔ جی او آر ٹی 673کے تحت 12کروڑ 45لاکھ 6ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ ریاستی کرسچین فینانس کارپوریشن کیلئے گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 2لاکھ 71ہزار روپئے جاری کئے گئے جبکہ سابق میں 8لاکھ 13ہزار روپئے جاری کئے گئے تھے۔ جون تا ستمبر چار ماہ کیلئے تلنگانہ حکومت نے یہ رقم مختص کی تھی۔ اردو گھر؍ شادی خانوں کی تعمیر کیلئے 36لاکھ 24ہزار روپئے جاری کئے گئے جبکہ اس مقصد کیلئے پہلے ایک کروڑ 8لاکھ 69ہزار روپئے جاری کئے گئے تھے۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی کیلئے 9لاکھ 19ہزار روپئے جاری کئے گئے۔

اس سے قبل 27لاکھ 57ہزار روپئے کی اجرائی عمل میں آئی تھی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی امداد کے طور پر دو علحدہ مدات کے تحت ایک کروڑ 44لاکھ 36ہزار اور 36لاکھ 4ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ آندھرا پردیش وقف بورڈ کو گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 2کروڑ37لاکھ 68ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ اس سے قبل 7کروڑ 13لاکھ 3ہزار روپئے جاری کئے گئے تھے۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کیلئے گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 13لاکھ50ہزار جاری کئے گئے۔ دائرۃ المعارف عثمانیہ کیلئے 16لاکھ 66ہزار، اردو اکیڈیمی کیلئے 54لاکھ 74ہزار، اجتماعی شادیوں کی اسکیم کیلئے 21لاکھ 71ہزار، اقلیتوں کی سماجی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے متعلق اسکیم کیلئے 55ہزار روپئے اسی مد کے تحت علحدہ طور پر 65لاکھ 79ہزار بینکوں سے مربوط قرض پر سبسیڈی کی فراہمی کیلئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 5کروڑ 14لاکھ 50ہزار اور سروے کمشنر وقف کو 69لاکھ 88ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ جی او آر ٹی 674کے تحت 5لاکھ 20ہزار روپئے جاری کئے گئے جو دائرۃ المعارف ، اردو اکیڈیمی اور دیگر ضروری دفتری اُمور کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔

صدر نشین قانون ساز کونسل تلنگانہ کو کٹلری خریدی کے لیے
دیڑھ لاکھ روپئے منظور
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : حکومت تلنگانہ نے صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سوامی گوڑ کو دیڑھ لاکھ روپئے منظور کئے تاکہ وہ کراکری اور کٹلری کی خریداری کرسکیں ۔ اسسٹنٹ سکریٹری حکومت تلنگانہ جی ایس ( کلیمس ) ڈپارٹمنٹ رقم کو منہا کرنے اور اس کو متعلقہ اکاونٹ میں منتقل کرنے کے لیے با اختیار ہوں گے ۔ غیر منقسم ریاست اے پی میں سال 2001 میں وزراء کو مماثل عہدیداروں کو اپنے پسند کی کٹلری اور کراکری کی خریداری کے لیے رقم منظور کی گئی تھی ۔ سوامی گوڑ بحیثیت صدر نشین قانون ساز کونسل تلنگانہ 2 جولائی 2014 کو عہدہ سنبھالا اور انہوں نے علحدہ ریاست تلنگانہ میں اپنے پسند کی کراکری کی خریداری کی خواہش کی تھی ۔۔