اقلیتی بہبود میں نئے جوائنٹ ڈائرکٹر کا تقرر

بالا سبرامنیم ریڈی کی خدمات کا حصول
حیدرآباد۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کے جوائنٹ ڈائرکٹر کی حیثیت سے ایم بالا سبرامنیم ریڈی کو مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے احکامات جاری کئے۔ ایم بالا سبرامنیم ریڈی محکمہ سیاحت میں جوائنٹ ڈائرکٹر کے عہدہ پر فائز تھے۔ ان کی خدمات ڈیپیوٹیشن پر محکمہ اقلیتی بہبود میں حاصل کی گئیں اور انہیں اقلیتی بہبود ڈائرکٹوریٹ میں جوائنٹ ڈائرکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہیں تین سال کی مدت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود میں عہدیداروں کی کمی کو دور کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 50 ملازمین و عہدیداروں کو دیگر محکمہ جات سے اقلیتی بہبود میں ڈیپیوٹیشن پر روانہ کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ اسی سلسلہ کے تحت بالا سبرامنیم ریڈی کا تقرر عمل میں آیا ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں پہلی مرتبہ اقلیتی بہبود کے جوائنٹ ڈائرکٹر کا تقرر عمل میں آیا ۔ یہ عہدہ ابھی تک خالی تھا۔ اقلیتی بہبود ڈائرکٹوریٹ میں ڈپٹی ڈائرکٹر اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر عہدوں پر تقررات کئے گئے لیکن جوائنٹ ڈائرکٹر کا عہدہ خالی تھا ۔ اطلاعات کے مطابق دیگر محکمہ جات سے بھی بعض عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود کو عہدیداروں کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث اسکیمات پر عمل آوری میں دشواری ہورہی ہے۔