حیدرآباد۔/24ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کیلئے قائم کردہ اسٹڈی سرکل کی افتتاحی تقریب میں آج اعلیٰ عہدیداروں کو اس وقت پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا جب وہاں آویزاں کئے گئے بورڈ پر اردو تحریر میں غلطیاں تھیں۔ اس سلسلہ میں جب سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی توجہ مبذول کرائی گئی تو انہوں نے فوری ماتحت عہدیداروں کو طلب کیا اور غلطی کی وجہ دریافت کی۔ افتتاحی تقریب کے دو بورڈ آویزاں کئے گئے تھے اور دونوں میں لفظ محکمہ کو ’ محکومہ‘ اور لفظ بہبود کو ’ بہود ‘ لکھا گیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی آمد سے عین قبل مارکر پن کے ذریعہ ایک بورڈ کی غلطیوں کو درست کردیا گیا جبکہ دوسرے بورڈ پر غلطیاں برقرار رہیں۔