حیدرآباد۔/3مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے آج بجٹ کی پہلی قسط جاری کردی ہے۔ مالیاتی سال 2016-17کے پہلے سہ ماہی کے تحت 179کروڑ 31لاکھ 7ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے احکامات جاری کئے۔ حکومت نے اس جی او کے تحت تمام پلان اسکیمات کے تحت یہ رقم ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو جاری کی ہے جو متعلقہ اسکیمات کیلئے مختص کردہ بجٹ جاری کریں گے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رقومات کے خرچ سے متعلق سرٹیفکیٹ مقررہ مدت میں داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تمام اداروں کے سربراہوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اسکیمات کے نشانوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔ واضح رہے کہ حکومت نے اسکالر شپ اور فیس باز ادائیگی کیلئے 300 کروڑ روپئے پہلے ہی جاری کردیئے ہیں۔ اسی دوران محکمہ اقلیتی بہبود کے غیر منصوبہ جاتی مصارف کیلئے پہلے سہ ماہی کے تحت 15 لاکھ 29ہزار روپئے جاری کئے گئے اور اس سلسلہ میں جی او کی اجرائی عمل میں آئی۔