اقلیتی بہبود، بتکماں ساڑیوں کی تقسیم، ہریتا ہرم کا جائزہ

۔9 اضلاع میں وزیراعظم جن وکاس پروگرام پر عمل۔ چیف سکریٹری کی کلکٹرس کیساتھ ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد 28 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے اقلیتی بہبود، بتکماں ساڑیوں کی تقسیم، ہریتا ہرم اور بافندوں کی فلاح و بہبود کا جائزہ لیا۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق وزیراعظم جن وکاس پروگرام کے تحت منظور ہوئے ہاسٹلس کے لئے ضرورت کے مطابق حصول اراضیات پر خصوصی توجہ دینے اور زیر تعمیر عمارتوں کا ازخود دورہ کرتے ہوئے جائزہ لینے کی کلکٹرس کو ہدایت دی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ 286 کروڑ روپئے کے مصارف سے ریاست کے 9 اضلاع میں وزیراعظم جن وکاس پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے۔ اسکل ڈیولپمنٹ، سائیکلس اور کمپیوٹرس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اسکولس کی عمارتیں، ہاسٹلس، آنگن واڑی سنٹرس میں اضافی کلاس رومس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ مرکز کی اس اسکیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اضلاع میں جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار دورے کررہے ہیں۔ اقلیتوں کو خود روزگار اسکیم سے متعلق فنڈس کی منظوری کے لئے حکومت نے آج ہی احکامات جاری کئے ہیں۔ ایم پی ڈی اوز، میونسپل کمشنرس، گرام سبھاؤں کا انعقاد کرتے ہوئے ان اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے ریاست بھر میں مساجد اور گرجا گھروں کی تعمیر کے لئے 240 کروڑ روپئے کی گرانٹ ایڈ سے متعلق تجاویز روانہ کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ اکٹوبر میں منعقد ہونے والے بکتماں تہوار کے موقع پر خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم کے لئے اضلاع میں بڑے پیمانے پر انتظامات کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی۔ ضلع ہیڈ کوارٹر پر ایک ایک گودام کا انتخاب کرنے پر زور دیا۔ محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری جیش رنجن نے خطاب کرتے ہوئے ساڑیوں کی تقسیم کے لئے دیہی علاقوں سے شہروں تک کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے ساڑیوں کی تقسیم کے لئے شیڈول تیار کرنے ستمبر کے اواخر میں اضلاع سطح پر اورنٹیشن پروگرامس کا انعقاد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ سیول سرویس کے ڈاٹا کے مطابق 1.08 کروڑ خواتین ریاست میں موجود ہیں۔ اس ڈاٹا کا جائزہ لیتے ہوئے 18 سال مکمل کرنے والی ہر خاتون کو سفید راشن کارڈ پر ساڑی دینے کے احکامات جاری کئے۔ اضلاع کے گوداموں میں ساڑیاں دیہاتوں تک پہونچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ایک ساڑی کی قیمت 280 روپئے ہے۔ حیدرآباد میں ساڑیوں کی تقسیم کی ذمہ داری جی ایچ ایم سی کو رہے گی۔ بافندوں کو تعاون کرنے کے لئے 60 کروڑ روپئے کے مصارف سے اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ 17000 افراد اس اسکیم سے جڑچکے ہیں۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے کہاکہ ستمبر کے اواخر میں ہریتا ہرم پروگرام کا چوتھا مرحلہ مکمل ہوگا۔ آئندہ سال کے ہریتا ہرم پروگرام کے لئے ابھی سے نرسریز کے قیام کے لئے کاموں کا آغاز کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی۔