بینک کے بغیراسکیم پر عمل آوری، 342 امیدواروں کو عنقریب کاروں کی اجرائی، منیجنگ ڈائرکٹر ایم اے وحید
حیدرآباد۔/28جولائی، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے ایک لاکھ سے کم سبسیڈی سے متعلق درخواستوں کی یکسوئی کیلئے نئی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کے تحت امیدواروں کو بینک سے کسی تعلق کے بغیر راست طور پر 50 ہزار روپئے جاری کرنے کی تجویز ہے تاکہ وہ چھوٹے کاروبار کا آغاز کرسکیں۔ اس کے علاوہ ’’اون یور کار‘‘ اسکیم کے 342 امیدواروں کیلئے سبسیڈی کی اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ 148 امیدواروں کی سبسیڈی کی رقم کار کمپنی کو روانہ کردی گئی۔ بہت جلد اس اسکیم کا آغاز عمل میں آئے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 3 برسوں سے اقلیتی فینانس کارپوریشن میں سبسیڈی کیلئے ایک لاکھ 53 ہزار درخواستیں زیر تصفیہ ہیں۔ حکومت نے ایک لاکھ سے کم سبسیڈی کی درخواستوں کی فوری یکسوئی کا فیصلہ کیا جس کے لئے کارپوریشن کو 181 کروڑ روپئے درکار ہوں گے۔ 23000 درخواستیں ایسی ہیں جو ایک لاکھ سے کم سبسیڈی کے زمرہ میں آتی ہیں۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر ایم اے وحید ( آئی ایف ایس ) نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ بینک سے قرض کے معاملہ کو ختم کرتے ہوئے کارپوریشن راست طور پر سبسیڈی جاری کردے اس سے غریب افراد کو فوری طور پر فائدہ ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور50 ہزار روپئے کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم اس تجویز کو چیف منسٹر کی منظوری باقی ہے۔ 23000 امیدواروں کو 50 ہزار کی سبسیڈی کی اجرائی کی صورت میں کارپوریشن کو 107 کروڑ روپئے کی ضرورت پڑے گی۔ اگر حکومت یہ رقم جاری کرتی ہے تو 23 ہزار درخواستوں کی فوری یکسوئی ہوجائے گی۔ ایم اے وحید نے بتایا کہ حکومت نے جاریہ مالیاتی سال کے پہلے سہ ماہی کے تحت 22 کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں جس میں سے 15 کروڑ ’ اون یور کار اسکیم ‘ امیدواروں میں سبسیڈی کے طور پر جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 148 امیدواروں کی سبسیڈی منتقل کی جاچکی ہے اور آئندہ دو دنوں میں باقی امیدواروں کی رقم بھی جمع ہوجائے گی جس کے بعد کار کمپنی امیدواروں کو کار جاری کردے گی۔ کار کمپنی سے کہا گیا ہے کہ وہ پہلے مرحلہ میں کم سے کم 150 کاریں تیار رکھیں۔ امیدواروں کو سوئفٹ ڈیزائر کار دی جائے گی جس کی مالیت 7لاکھ 44 ہزار روپئے ہے۔ 60فیصد رقم کارپوریشن بطور سبسیڈی فراہم کرے گا جبکہ ڈھائی لاکھ روپئے بینک بطور قرض جاری کرے گا۔ امیدوار 4 برسوں میں کار کا مالک بن سکتا ہے۔ امیدواروں کا حصہ صرف 50 ہزار روپئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبسیڈی کی رقم منتقل ہوتے ہی چیف منسٹر کے سی آر کے ذریعہ اسکیم کے افتتاح کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت حکومت کو منصوبہ پیش کیا گیا ہے جس کی منظوری کے بعد اسکیم پر عمل کیا جائیگا۔ اس اسکیم کیلئے 13 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ ایم اے وحید نے کہا کہ اردو کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کو عصری بنانے کا کام جاری ہے۔