سنگاریڈی میں شریمتی ڈی نرنجا ڈائرکٹر میناریٹی سرکل کا بیان
سنگاریڈی یکم ؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پر نسپل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود تلنگانہ جناب سید عمر جلیل کی ہدایت پر شریمتی ڈی ۔ نیر نجا ڈائریکٹر میناریٹی اسٹیڈی سرکل حیدرآبادنے محمد خواجہ تہوار الدین اسٹیٹ کوارڈینٹر اسٹیڈی سرکل حیدرآباد اور سید احمد علی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر میناریٹی فینانس کارپوریشن ضلع میدک کے ہمراہ سنگاریڈی کے محلہ اوپر بازار میں واقع تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈ یمی کمپیوٹر ٹر یننگ سنٹر معائنہ کیا ۔اس موقع پر شریمتی ڈی ۔ نیر نجا ڈائریکٹر میناریٹی اسٹیڈی سرکل نے کہا کہ ضلع میدک میں پہلی مرتبہ میناریٹی اسٹیڈی سرکل حیدرآباد کی جانب سے اردو اکیڈ یمی کمپیوٹر ٹر یننگ سنٹر اوپر بازار سنگاریڈی میں 5 ؍اپریل تا 20 ؍اپریل تک سب انسپکٹر پولیس( ایس آئیز) اور پولیس کانسٹبلس کے امتحان میں شرکت کرنے والے اقلیتی امیدواروں کو قابل و ماہر اسا تذہ کی نگرانی میں مختلف مضامین کی مفت کوچنگ دی جا ئیگی۔انہوں نے کہا کہ ایسے طلباء جنہوں نے ایس آئیز اور کانسٹبلس کے امتحان کیلئے آن لائن درخواستیں داخل کی ہیں وہ اس مفت کو چنگ کو غنیمت سمجھتے ہوئے کثیر تعداد میں استفادہ کریں۔تاکہ ان کا مستقبل سنور جائے۔ ریاستی حکومت کا مقصد ہیکہ تعلیمی یافتہ بیروز گار اقلیتی طلباء کو روزگار سے مربوط کر تے ہوئے خود مکتفی بنایا جا سکے۔ شریمتی ڈی ۔ نیر نجا نے ضلع ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب سید احمد علی کو ہد ایت دی کہ وہ مستقر سنگاریڈی کہ اردو کمپیوٹر سنٹر میں قائم کئے جا نے والے میناریٹی اسٹیڈی سرکل کے تمام تر ضروری انتظامات کی مکمل نگرانی کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مستقبل میں اعلی تعلیم یافتہ اقلیتی نوجوانوں کو مسا بقتی امتحانات بالخصوص گروپ II اور سیول سرویس امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا ء کو بھی مفت کو چنگ فراہم کرنے کا یقین ظاہر کیا ۔گروپ II امتحانات میں شرکت کے خواہشمند اقلیتی طلباء مذکورہ ویب سائٹ www.msc.telangana.gov.in پر فوری اپنی درخواستیں آن لائن رجسٹریشن کروالیں۔