اقلیتی امیدواروں کو سیول سرویس امتحان کوچنگ ، پیر کو اداروں کا انتخاب

دسمبر اختتام سے قبل کوچنگ کا آغاز ، 13 دسمبر ادخال درخواست کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔2 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس امتحانات کی کوچنگ کے سلسلہ میں نامور اداروں کے انتخاب کا کام پیر کو مکمل کرلیا جائے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاریہ سال دو بیاچس میں اقلیتی طلباء کو سیول سرویسس کی کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے بیاچ میں 42 طلباء شامل رہیں گے جنہوں نے گزشتہ سال کوچنگ کے لئے درخواست دی تھی۔ تاہم حکومت انہیں کوچنگ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ 42 طلباء نے اپنی پسند کے اداروں کے بارے میں محکمہ  اقلیتی بہبود کو واقف کردیا ہے اور ان اداروں سے فیس کے مسئلہ پر بات چیت کے بعد جاریہ ماہ کے اختتام تک کوچنگ کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔ سی ای ڈی ایم کے ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آر سی ریڈی، گرین ٹری اور لا ایکسلینس جیسے اداروں کے ذمہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے فیس میں یکسانیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کوچنگ کے اخراجات حکومت کی جانب سے برداشت کئے جائیں گے۔ ڈسمبر کے اواخر میں کوچنگ سنٹرس کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ اسی دوران دوسرے بیاچ کے لئے اقلیتی امیدواروں سے درخواست کی حصولی کا کام جاری ہے اور ابھی تک حیدرآباد میں 58 امیدواروں نے سیول سرویسس کی کوچنگ کے لئے درخواست داخل کی ہے۔ ریاست کے جملہ 9 مراکز پر درخواستیں طلب کی گئی ہے۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 13 ڈسمبر ہے جبکہ 18 ڈسمبر کو 9 مقامات پر اسکریننگ ٹسٹ کا اہتمام کیا جائے گا اور 24 ڈسمبر کو نتائج کا اعلان ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے اپنے خرچ پر اقلیتی طلبہ کے لئے سیول سرویسس کی کوچنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھراپردیش حکومت کی جانب سے بھی اقلیتی طلبہ کے لئے سیول سرویسس کی کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے اور حکومت نے کوچنگ کے لئے حیدرآباد اسٹڈی سرکل کا انتخاب کیا۔