اقلیتی امور کی شکایتوں کی وصولی کیلئے خصوصی ویب سائٹ

حیدرآباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں اقلیتوں سے متعلق اسکیمات کے فوائد سے عدم واقفیت کے سبب اقلیتیں بہتر طور پر استفادہ سے محروم ہیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کمشنر اقلیتی بہبود جناب شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس ) نے اقلیتی اسکیمات اور ان کے فوائد کی تفصیلات پر مشتمل ایک جامع ویب سائیٹ کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ویب سائیٹ کی تیاری کا کام آخری مراحل میں ہے۔

اسی دوران انہوں نے اقلیتی اُمور سے متعلق عوامی شکایات کے حصول کیلئے ایک خصوصی ویب سائیٹ www.minoritieswelfare.inکا آغاز کیا ہے۔ عوام اس ویب سائٹ پر اپنے مسائل اور مشکلات پیش کرسکتے ہیں۔ کمشنر اقلیتی بہبود ان مسائل کی یکسوئی کے ساتھ ساتھ جلد از جلد متعلقہ فرد کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ شیخ محمد اقبال نے کہا کہ ریاست میں اقلیتیں ان کی بہبودی سے متعلق اسکیمات کی تفصیلات سے لاعلم ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اقلیتی بہبود اسکیمات سے موثر طور پر استفادہ کرنے میں ناکام ہیں۔

انہوں نے عوام میں اسکیمات کے فوائد کے بارے میں شعور بیداری کیلئے مختلف اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود کیلئے جو بجٹ الاٹ کیا گیا اس کے موثر خرچ اور اسکیمات پر مکمل عمل آوری کو یقینی بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہیں اس کے لئے وہ ہر محکمہ کی اسکیمات کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ محکمہ کی جانب سے حج ہاوز میں ہر پیر کے دن منعقد ہونے والے شکایتی سیل کے اجلاس کا بھی جائزہ لیں گے تاکہ وہاں عوامی مسائل کی برسر موقع یکسوئی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی اور اسکیمات پر موثر عمل آوری کے ذریعہ عہدیدار محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ جناب شیخ محمد اقبال کمشنر اقلیتی بہبود کے علاوہ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی زائد ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچین فینانس کارپوریشن میں انہیں بہ اعتبار عہدہ رکن مقرر کیا ہے۔