اقلیتی اقامتی مدارس کے لیے 1960 جائیدادوں پر تقررات

3 سال کے دوران تقررات کا عمل پورا کرنے کی ہدایت ، 280 جائیدادوں کی آوٹ سورسنگ
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی طلباء و طالبات کیلئے آئندہ تعلیمی سال سے قائم کئے جانے والے 70اقامتی مدارس کے اسٹاف کی منظوری دی ہے۔ سکریٹری فینانس این شیوا شنکر نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جس کے مطابق 3 سال میں مرحلہ وار طور پر 1960 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر280 جائیدادوں کو منظوری دی گئی ہے۔ جی او کے مطابق پرنسپالس کی 70، جونیر لکچررس 490، پی جی ٹی 420 ، ٹی جی ٹی 560 ، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس 70، فزیکل ڈائرکٹر 70، لائبریرین 70 ، اسٹاف نرس 70، کرافٹ اینڈ میوزک انسٹرکٹر 70اور سینئر اسسٹنٹ 70جائیدادیں شامل ہیں۔ آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر جونیر اسسٹنٹ و ڈاٹا انٹری آپریٹر 140، آفس سب آرڈینیٹ 70اور لیب اٹنڈر کی 70 جائیدادوں پر مرحلہ وار تقررات عمل میں آئیں گے۔ تلنگانہ حکومت نے آئندہ تعلیمی سال جون سے 70 اقامتی اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جن میں نصف اسکولس طالبات کے لئے ہوں گے۔ پہلے سال کرایہ کی عمارتوں میں اسکولس کا آغاز ہوگا اور سرکاری اراضیات پر اسکولس کی مستقل عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ ہر اسکول 5ایکر احاطہ پر محیط ہوگا۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے اقامتی اسکولس کیلئے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی 2786 جائیدادوں کی منظوری کی حکومت سے خواہش کی تھی۔ حکومت کے احکامات کے مطابق تلنگانہ میناریٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی کے تحت چلنے والے ان اقامتی اسکولس کے پہلے سال یعنی 2016-17میں پرنسپالس کی 70، پی جی ٹی کی 350، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر 70، اسٹاف نرس 70، کرافٹ اینڈ میوزک انسٹرکٹر 70 اور سینئر اسسٹنٹ کی70 جائیدادوں پر تقررات عمل میں آئیں گے۔ اس طرح پہلے سال 700تقررات ہوں گے جبکہ 2017-18 میں 490جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے جن میں پی جی ٹی کی 280 اور ٹی جی ٹی کی 210 جائیدادیں شامل ہیں۔ 2018-19میں 770 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے جن میں 490 جونیر لکچررس، پی جی ٹی 140، فزیکل ڈائرکٹر 70، لائبریرین 70 جائیدادیں شامل ہوں گی۔ آؤٹ سورسنگ بنیاد پر پہلے سال 140اور دوسرے سال 140جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ حکومت نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو تقررات سے قبل محکمہ فینانس کی منظوری حاصل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جہاں بھی ضروری ہوگا محکمہ فینانس کی منظوری سے راست تقررات عمل میں آئیں گے۔ اقلیتی بہبود کے محکمہ کو تقررات کے سلسلہ میں کارروائی شروع کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ضرورت پڑنے پر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے تقررات مکمل کئے جائیں گے۔