اقلیتی اقامتی جونیر کالجس میں داخلے

مسلم طلبہ کو انٹرنس کے بغیر داخلے دینے ڈپٹی چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد 24 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ریاست تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے بارکس اور ایل بی نگر (ناگول) میں قائم اقلیتی اقامتی جونیر کالجس (اُردو میڈیم) کی مخلوعہ نشستوں کو ایس ایس سی (اُردو میڈیم) کامیاب مسلم طلباء کو کسی انٹرنس ٹسٹ کے بغیر داخلہ دینے کی متعلقہ جونیر کالجس کے پرنسپالس و سکریٹری اے پی ریسیڈنشیل ایجوکیشنل سوسائٹی کو ہدایات دیں۔ اس سلسلہ میں آج صدر تلنگانہ میناریٹی ایمپلائز ویلفیر اسوسی ایشن کی زیرقیادت ایک وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی سے سکریٹریٹ میں واقع ان کے چیمبر میں ملاقات کرکے مذکورہ جونیر کالجس کی مخلوعہ نشستوں کے تعلق سے نمائندگی کی۔ اس نمائندگی پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے فوری طور پر سکریٹری اے پی ریسیڈنشیل و ایجوکیشنل سوسائٹی کے نام موسومہ اپنا ایک مکتوب روانہ کیا اور اس مکتوب کے ذریعہ اُنھوں نے اُردو میڈیم سے ایس ایس سی کامیاب اقلیتی طلباء کو ممکنہ حد تک اس اسکول میں داخلہ دینے کی خواہش کی۔ اسی دوران صدر تلنگانہ میناریٹی ایمپلائز ویلفیر اسوسی ایشن (ٹی میسیا) مسٹر محمد مسعود الدین احمد نے ڈپٹی چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور ایس ایس سی اُردو میڈیم کامیاب طلباء سے خواہش کی کہ وہ اپنے داخلوں کیلئے متعلقہ پرنسپال سے ربط پیدا کریں۔ اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو 9246319947 پر ربط پیدا کرنے کی خواہش کی۔