اقلیتی اقامتی تعلیمی اداروں میں تقررات تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نوٹیفکیشن جاری کرے گا

حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن ریاست بھر میں قائم کئے جانے والے 70 تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی اداروں میں 650 جائیدادوں پر تقررات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرے گا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حال میں ان اسکولس کے اسٹاف کے تقررات سے متعلق فائل پر دستخط کردئیے ہیں ۔ ریاستی حکومت نے 150 اقامتی اسکولس 1960 مستقل جائیدادوں اور 280 آوٹ سورس ملازمین کی جائیدادوں کی منظوری دی ہے ۔ تقررات تین مراحل میں ہوں گے ۔ اس دوران تلنگانہ اقلیتی تعلیمی اداروں کی سوسائٹی تمام اضلاع میں اقلیتی اقامتی اسکول کے قیام کے لیے عمارتوں کی نشاندہی کے کام میں مصروف ہے ۔ سوسائٹی کے سکریٹری بی شفیع اللہ نے کہا کہ تقریبا تمام اضلاع میں اراضی کی نشاندہی کی جاچکی ہے ۔ ہر اسکول کی عمارت بیس کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی ۔ اگلے تعلیمی سال 2017-18 سے نئی عمارتوں میں منتقلی ہوگی اندراج اور تشہیری مہم جلد شروع کی جائے گی ۔۔