خلائی تحقیق پر پراجکٹ کو سائینسدانوں کی ستائش، سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ کا حکومت سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 6 طلبہ لاس اینجلس میں انٹرنیشنل اسپیس ڈیولپمنٹ کانفرنس میں شرکت اور اپنے پراجکٹ کے کامیاب پریزنٹیشن کے بعد آج حیدرآباد واپس ہوئے۔ کامیاب دورہ امریکہ سے واپسی پر ان کا ایر پورٹ پر استقبال کیا گیا۔ طلبہ کے ہمراہ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ ( آئی ایف ایس ) موجود تھے۔ حیدرآباد واپسی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی شفیع اللہ نے کہا کہ اقامتی اسکول سوسائٹی کیلئے یہ فخر کی بات ہے کہ مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 6 طلباء نے اسپیس سٹیلمنٹ کے موضوع پر پراجکٹ پیش کیا جسے دنیا بھر کے سائنسدانوں کی جانب سے سراہا گیا۔ جن طلبہ نے یہ کارنامہ انجام دیا ان میں سید ابراہیم علی ( حیات نگر اسکول )، مہوین محمدی ( گولکنڈہ گرلز اسکول ) صفا ماہین ( ابراہیم پٹنم ) فیروز حسین ( گجویل ) مسکان تبسم ( گجویل ) اور فیروز احمد ( شیری لنگم پلی اسکول ) شامل ہیں۔ ان طلبہ نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا بھر سے کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے سائنسدانوں سے داد و تحسین حاصل کی۔ کسی سرکاری اسکول کے طلبہ کا اس طرح کا مظاہرہ ہر کسی کیلئے حیرت کا باعث بنا۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ کسی سرکاری اسکول کے طلبہ کا بہترین انگریزی میں خلائی سائینس پر پراجکٹ کا پیش کرنا تلنگانہ کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاس اینجلس میں کامیاب پریزنٹیشن کے بعد طلبہ نے کیلی فورنیا سائینس سنٹر کا معائنہ کیا جہاں خلائی سائینس سے متعلق کئی اہم اُمور سے انہیں واقف کرایا گیا۔ طلبہ نے سان فرانسیسکو میں ناسا کے ایم ایس ریسرچ سنٹر کا دورہ کیا۔ وہاں موجود خلائی سائینسدانوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں خلائی سائینس کے راز بتائے۔ طلبہ نے امریکہ کی نامور اسٹینفو یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ شفیع اللہ نے کہا کہ کسی سرکاری اسکول کے طلبہ کا انتہائی کم عرصہ میں ناسا کیلئے پراجکٹ تیار کرنا اور ناسا سے دعوت نامہ کا حصول یقیناً ٹمریز کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے امریکہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹمریز کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا جن کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں اقامتی اسکول کے طلبہ اس پلیٹ فارم پر پہنچ سکے۔ انہوں نے حیدرآباد میں امریکی کونسلیٹ کیتھرین ہاڈا اور پلانیٹری سوسائٹی آف انڈیا کے رگھونندم راؤ سے بھی اظہار تشکر کیا۔ رگھو نندم راؤ نے طلبہ کو ٹریننگ دینے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور اور چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری بھوپال ریڈی سے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی کے بغیر یہ پراجکٹ ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجکٹ کی تکمیل سے دیگر طلبہ میں سائینس سے متعلق جذبہ پروان چڑھے گا اور اس طرح کے پراجکٹس کی تیاری کیلئے مزید طلبہ آگے آئیں گے۔