حیدرآباد۔/18 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں 1863 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی ہے۔ محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے جائیدادوں کی تفصیلات کے ساتھ جی او ایم ایس 57 جاری کیا۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت چلنے والے اسکولوں اور جونیر کالجس میں اساتذہ اور دیگر عہدوں کیلئے تقررات ناگزیر تھے۔ حکومت نے سوسائٹی کی جانب سے پیش کردہ تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے 1863 جائیدادوں کی منظوری دی ہے جن پر تقررات تلنگانہ ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ کئے جائیں گے۔ جن جائیدادوں کو منظوری دی گئی ان میں جونیر لکچررس 89، پوسٹ گریجویٹ ٹیچرس 1280، ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچرس 354 ، فزیکل ڈائرکٹر 70 اور لائبریرین کی 70 جائیدادیں شامل ہیں۔ ریکروٹمنٹ بورڈ کے ایکزیکیٹو آفیسر سے ان جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں ضروری اقدامات کی خواہش کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی سے قبل اقامتی اسکول سوسائٹی سے مخلوعہ جائیدادوںکے علاوہ اور دیگر تفصیلات حاصل کی جائیںگی۔ روسٹر پوائنٹ کے مطابق ان جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ واضح رہے کہ حکومت نے اقامتی اسکولوں کے اساتذہ کے تقررات کا عمل شروع کیا ہے اور ابھی تک پہلے مرحلہ کے تقررات مکمل ہوچکے ہیں۔ حکومت نے جاریہ تعلیمی سال سے اقامتی جونیر کالجس کا آغاز کیا ہے اور ابتداء میں کنٹراکٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ مستقل تقررات کی جلد تکمیل سے معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہے۔