سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ کی تقریر
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے کہا کہ اقامتی اسکولوں کے طلبہ ملک کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے جس طرح معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے مستقبل میں ڈاکٹرس، انجینئرس اور سیول سرویسیس میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے طلبہ کا اہم رول رہے گا۔ شفیع اللہ گچی باؤلی اسٹیڈیم میں اقامتی اسکولوں کے طلبہ کے گرمائی کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اسپورٹس میں بہتر مظاہرہ پر طلباء کو گولڈ میڈل اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی سرپرستی میں 204 اقامتی اسکولس قائم کئے گئے جو کامیابی سے چلائے جارہے ہیں۔ حکومت نے اسکولوں کیلئے مناسب بجٹ الاٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے اقامتی اسکول اہم رول ادا کریں گے۔ پراجکٹ ڈائرکٹر اعجاز احمد، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد محمد قاسم، اکیڈیمک ہیڈ عبداللطیف اور دوسروں نے مخاطب کیا۔15 روزہ گرمائی کیمپ کے دوران مختلف کھیل کودکے مقابلے منعقد کئے گئے۔ حیدرآباد کے اقامتی مدارس کے پرنسپالس اور عہدیداروں نے شرکت کی۔