اقلیتی اقامتی اسکولس کی کارکردگی بہتر بنانے اقدامات

شیخ لیاقت حسین کا سوسائٹی میں بحیثیت جوائنٹ ڈائرکٹر تقرر
حیدرآباد ۔ یکم   فروری (سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتی اقامتی اسکولس سوسائٹی کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے حکومت میں اسسٹنٹ سکریٹری کیڈر کے حامل عہدیدار کو سوسائٹی کا جوائنٹ ڈائرکٹر مقرر کیا ہے ۔ شیخ لیاقت حسین اسسٹنٹ سکریٹری محکمہ عمارات و شوارع کو اقلیتی اقامتی اسکولس سوسائٹی میں جوائنٹ ڈائرکٹر مقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے اور لیاقت حسین نے آج اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ واضح رہے کہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں زیادہ تر افراد کا تعلق غیر سرکاری اداروں سے ہے یا پھر ریٹائرڈ عہدیداروں کو مختلف ذمہ داریاں دی گئیں۔ سوسائٹی کے صدرنشین ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری ہیں جبکہ نائب صدرنشین کی حیثیت سے سابق آئی پی ایس عہدیدار اے کے خاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن شفیع اللہ کو سوسائٹی کا سکریٹری مقرر کیا گیا ۔ دیگر عہدیداروں میں اکثریت کے عارضی بنیادوں پر تقررات کئے گئے۔ سوسائٹی کی جانب سے پہلے مرحلہ میں 71 اقامتی اسکولس قائم کئے گئے جبکہ آئندہ تعلیمی سال سے 129 اسکولوں کے آغاز کا منصوبہ ہے۔ سوسائٹی کی کارکردگی کے بارے میں مختلف شکایات اور تجربہ کار افراد کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے حکومت نے اسسٹنٹ سکریٹری کیڈر کے عہدیدار کو جوائنٹ ڈائرکٹر مقرر کیا ہے ۔ واضح رہے کہ سوسائٹی کی سرگرمیوں میں تعاون کرنے والی رضاکارانہ تنظیموں نے حکومت سے شکایت کی تھی کہ گزشتہ سال عارضی طور پر اسکولوں میں کئے گئے تقررات میں بڑے پیمانہ پر کرپشن کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں مختلف گوشوں سے چیف منسٹر کو بھی شکایات موصول ہوئیں جس میں ہر ضلع میں کئے گئے تقررات کے سلسلہ میں رقومات حاصل کرنے کے معاملات شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حالیہ کابینی اجلاس میں کئی وزراء نے تقررات میں سوسائٹی کے بعض اندرونی افراد کی جانب سے رقومات حاصل کرنے کی شکایت کی ۔