مزید 175 کروڑ کی اجرائی باقی، اسکولس کو ہر سال ترقی دینے کا منصوبہ
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتی اقامتی اسکولس اسکیم پر عمل آوری کیلئے 87کروڑ 50لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ یہ رقم تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز ریسیڈنشیل اسکولس سوسائٹی کو جاری کئے گئے۔ جاریہ مالیاتی سال میں حکومت نے اقامتی اسکولوں کیلئے 350کروڑ روپئے مختص کئے تھے اور پہلے مرحلہ میں 87کروڑ 50لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ دوسری قسط کے طور پر آج مساوی رقم جاری کی گئی مزید 175کروڑ روپئے کی اجرائی باقی رہے گی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو اس اسکیم پر عمل آوری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال حکومت نے اقلیتوں کیلئے 71 اقامتی اسکولس کا آغاز کیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 120 اسکولوں کے آغاز کا منصوبہ ہے۔ پہلے مرحلہ کے اسکولوں کو 350کروڑ روپئے کا بجٹ منظور کیا گیا۔ جاریہ سال قائم کئے گئے اسکولوں میں 33 اسکولس طالبات کیلئے ہیں۔ حکومت ہر سال اسکولوں کی کلاسیس میں اضافہ کرتے ہوئے جونیر کالج سطح تک توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت کی جانب سے اسکول سوسائٹی کو بجٹ کی اجرائی میں تاخیر کے سبب کافی دشواریوں کا سامنا تھا اور سوسائٹی کی مسلسل نمائندگی پر آج دوسری قسط کی اجرائی عمل میں آئی۔