کل سے ادخال فارم کا آغاز ، آن لائن انرولمنٹ کا افتتاح ، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 201 اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیمی سال 2017-18 ء کیلئے درخواستوں کے ادخال کا 10 فروری سے آغاز ہوگا اور 15 مارچ تک درخواستیں داخل کرنے کی سہولت حاصل رہے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حج ہاؤز نامپلی میں ایک تقریب میں اقامتی اسکولس کے آن لائین درخواستوںکے ادخال کا آغاز کریں گے۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کیلئے حج ہاؤز میں خصوصی سنٹر قائم کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کے ہیڈ آفس میں ہیلپ لائین سنٹر قائم کیا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر آن لائین انرولمنٹ کے آ غاز کے علاوہ موبائیل ایپ ، اقامتی اسکولس کی سہولتوں پر مبنی نمائش کا افتتاح کریں گے اور پبلسٹی گاڑیوں کو جھنڈی دکھائیں گے۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری بی شفیع اللہ نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کے سلسلہ میں کافی سنجیدہ ہیں اور انہوں نے تلنگانہ میں 200 اقامتی اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 71 اقامتی اسکولس گزشتہ سال شروع کئے گئے جبکہ جاریہ سال 130 کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں مختلف مراحل میں 130 اقامتی ا سکولس کو منظوری دیدی ہے۔ اسکول سوسائٹی کے نائب صدرنشین اور حکومت کے مشیر اے کے خاں پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے تھے لیکن انہوں نے لمحہ آخر میں پروگرام منسوخ کردیا۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ پانچویں تا ساتویں جماعت کیلئے آن لائین رجسٹریشن کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شروع کئے گئے 71 اقامتی اسکولس میں 10 فیصد طلبہ نے درمیان سے ہی تعلیم ترک کردی ہے ، لہذا ان مخلوعہ 10 فیصد نشستوں کیلئے بھی داخلے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کے سبب اقامتی اسکولس میں ڈراپ آؤٹس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 31 نئے اقامتی اسکولس کے قیام کی تجویز ہے ۔ لڑکیوں کی تعلیم کے سلسلہ میں والدین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے 101 اقامتی اسکولس لڑکیوں کیلئے مختص کئے گئے ۔ کوآپریٹ اسکول کے معیار کے مطابق تعلیم کی فراہمی کیلئے حکومت نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ اساتذہ کے تقررات کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولس میں بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ مفت تعلیم کے علاوہ طعام و قیام اور دیگر سہولتیں مفت حاصل رہیں گی۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ اردو زبان اور اخلاقیات کو بھی نصاب میں شامل کیا گیا ہے ۔ طلبہ کے سرپرست آن لائین یا آف لائین طریقہ سے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ آن لائین درخواستیں سوسائٹی کی ویب سائیٹ tmreis.telangana.gov.in پر داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ 71 اسکولوں اور تمام اضلاع کے ڈی ایم ڈبلیو دفاتر پر درخواستیں حاصل کی جائیں گی۔ آدھار اور کسی رہائشی صداقتنامہ کی بنیاد پر داخلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ داخلوں کے سلسلہ میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مختلف رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔