اقلیتی اسکول کیلئے حکومت سے مالی امداد کی نمائندگی

تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس، تاحال 283 شکایات کی یکسوئی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نائب صدرنشین بی شنکر لوکے اور ارکان جی نوریا ، محمد ارشد علی خاں ، ڈاکٹر ودیا شراونتی ، بی کٹیا ، ایم اے عظیم ، سردار سریندر سنگھ اور سکریٹری ٹی گوپال راؤ نے شرکت کی ۔ حیدرآباد میں واقع پارسی اسکول کی جنوری 2019 ء میں صد سالہ تقاریب کے سلسلہ میں حکومت سے مالی امداد کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ، لہذا کمیشن نے اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب صدرنشین شنکر لوکے کی تجویز پر شہر کے 42 کرسچین اسکولوں کے منجملہ 10 اسکولوں میں کرسمس کے موقع پر کیک تقسیم کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس نے او ایس ڈی کے طور پر نرسمہلو کے تقرر کو منظوری دی ہے۔ کمیشن کی کارکردگی اور درخواستوں کی یکسوئی کی تفصیلات سے ارکان کو واقف کرایا گیا ۔ صدرنشین نے بتایا کہ ابھی تک 283 درخواستوں پر کمیشن نے کارروائی کی ہے جبکہ 4 معاملات زیر دوران ہے۔ اقلیتوں کے مسائل سے متعلق کمیشن کو کئی نمائندگیاں موصول ہورہی ہیں۔ جئے پور میں منعقدہ نیشنل شوٹنگ چمپین شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر صدرنشین محمد قمرالدین نے جی نوریا کو تہنیت پیش کی۔