سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔24 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے اقلیتی اداروں کی کارکردگی اور بجٹ کے خرچ کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے آج تمام اقلیتی اداروں کے سربراہوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے جاریہ مالیاتی سال فلاحی اسکیمات کی پیشرفت اور بجٹ کے خرچ سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ دانا کشور نے وقف بورڈ ، اقلیتی فینانس کارپوریشن ، اردو اکیڈیمی ، حج کمیٹی ، کرسچن فینانس کارپوریشن اور اقلیتی طلبہ کو کوچنگ فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم اس بات کی خواہش کی کہ مالیاتی سال کی تکمیل سے قبل مکمل بجٹ خرچ کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کا مقصد غریب اور پسماندہ افراد کو فائدہ پہنچانا ہے۔ ہر ادارہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اسکیمات کو مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ مالیاتی سال کے بجٹ خرچ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے 2018-19 ء کی بجٹ تجاویز داخل کی جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ مالیاتی سال اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کرے گی ۔ دانا کشور نے عہدیداروں سے نئی اسکیمات کے بارے میں تجاویز پیش کرنے کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسی بھی اسکیم پر عمل آوری میں رکاوٹ یا پھر بجٹ کی اجرائی میں تاخیر کے سلسلہ میں ان سے رجوع ہوں ۔ اقلیتی اداروں نے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے آئندہ مالیاتی سال بجٹ میں اضافہ کی خواہش کی ہے۔ سکریٹری نے اقلیتی اقامتی اسکولوں کی بہتر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اسکولوں کے قیام کا مقصد اقلیتوں کی تعلیمی پسماندہ کا خاتمہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 2018-19 ء کے لئے اقلیتی بہبود کا بجٹ 1800 تا 2000 کروڑ الاٹ کیا جاسکتا ہے ۔ اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ وزیر فینانس ای راجندر کریں گے۔