دونوں ریاستوں میں کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ ، جناب شیخ محمد اقبال کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/20جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی اداروں کی جلد تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے آندھرا پردیش کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل نے آج انچارج سکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش جناب شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس) کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں مختلف اقلیتی اداروں کی تقسیم کا جائزہ لیا گیا۔ڈائرکٹر اقلیتی بہبود تلنگانہ جناب جلال الدین اکبر اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیدار اس اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن، اردو اکیڈیمی، وقف بورڈ، کرسچین فینانس کارپوریشن، سروے کمشنر وقف اور سی ای ڈی ایم کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ دونوں ریاستوں میں اقلیتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ اقلیتی اداروں کی عدم تقسیم یا تقسیم میں تاخیر کے سبب سرکاری اسکیمات پر عمل آوری میں دشواری ہورہی ہے۔ دونوں ریاستوں کے اقلیتی بہبود کے سکریٹریز تقسیم کے سلسلہ میں متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے جس میں تقسیم کے طریقہ کار کو قطعیت دی جائے گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں علی الترتیب 58اور 42کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا جبکہ دیگر اداروں کو ریاستوں میں اقلیتوں کی آبادی کے تناسب سے تقسیم کرنے کی تجویز ہے۔ 2001ء مردم شماری کے مطابق اقلیتی اداروں کی تقسیم تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں علی الترتیب 52اور 48کے تناسب سے ہونی چاہیئے۔ اس سلسلہ میں متعلقہ چیف سکریٹریز سے اجازت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جو ادارے آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014 کے 10ویں شیڈول میں شامل ہیں انہیں اقلیتوں کی آبادی کے تناسب سے تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جناب عمر جلیل نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حج کمیٹی کے یادداشت مفاہمت کی فائیل پر عاجلانہ کارروائی کو یقینی بنائیں تاکہ تلنگانہ حج کمیٹی آندھرا پردیش کے عازمین کی خدمت انجام دے سکے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عہدیداروں نے باہم مشاورت اور تال میل کے ذریعہ اقلیتی اداروں کی جلد تقسیم کو یقینی بنانے سے اتفاق کرلیا۔