اقلیتی اداروں کی تقسیم اور کارکردگی کو بہتر بنانے حکومت تلنگانہ کی توجہ

اسکیمات اور فنڈس پر بھی غور و خوض ، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔3۔نومبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے اقلیتی اداروں کی تقسیم اور ان کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے آج اقلیتی اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں نہ صرف اقلیتی اداروں کی تقسیم میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا بلکہ اقلیتی اسکیمات کیلئے درکار فنڈس کی اجرائی پر بھی غور کیا گیا۔ جناب احمد ندیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اقلیتی فینانس کارپوریشن ، اردو اکیڈیمی ، وقف بورڈ ، وقف سروے کمشنر اور سی ای ڈی ایم کی تقسیم کے سلسلہ میں کارروائی کا آغاز کریں اور جلد سے جلد ان اداروں کو تلنگانہ اور آندھراپردیش میں تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن اور حج کمیٹی کی تقسیم سے متعلق فائل دونوں ریاستوں میں یادداشت مفاہمت کے ساتھ حکومت کو روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دیگر اداروں کے ہیڈ آفس کے اسٹاف کی تقسیم کا عمل دونوں ریاستوں میں اقلیتوں کی آبادی کے لحاظ سے عمل میں لانے کا مشورہ دیا۔ تلنگانہ میں 52 فیصد اور آندھراپردیش کیلئے 48 فیصد عہدیداروں کا الاٹمنٹ کیا جائے گا۔ حج کمیٹی کے سلسلہ میں حکومت آندھراپردیش کو اطلاع دی جائے گی کہ آیا وہ آئندہ حج سیزن میں اپنی ریاست کے عازمین حج کے انتظامات کیلئے تیار ہے؟ اجلاس میں اقلیتی اداروں کے تحت موجود اثاثہ جات کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دائرۃ المعارف دونوں ریاستوں کا مشترکہ اثاثہ رہے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے شادی مبارک اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کی ہدایت دی اور کہا کہ درکار بجٹ کو استعمال کرتے ہوئے مستحق درخواست گزاروں کیلئے امداد کی اجرائی کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے 11 نومبر کو یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر اس اسکیم کے چیکس کی تقسیم کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے نشانہ کے مطابق امداد کی فراہمی کیلئے وہ زائد بجٹ کے سلسلہ میں حکومت کی توجہ مبذول کرائی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے حج کمیٹی کے بجٹ کی فوری اجرائی کیلئے متعلقہ فائل محکمہ فینانس کو روانہ کی ہے۔ کرسچین فینانس کارپوریشن کی تقسیم بھی اقلیتی فینانس کارپوریشن کے طرز پر عمل میں آئے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام اداروں کو اپنے مقررہ نشانوں کی تکمیل پر توجہ دینی چاہئے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور ، ڈائرکٹر دائرۃ المعارف ڈاکٹر مصطفیٰ شریف اور مینجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن نکولاس نے شرکت کی ۔