اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ کی کانگریس واحد جماعت

سکندرآباد کانگریس پارلیمانی امیدوار انجن کمار یادو کا پیدل دورہ، عوام سے ملاقات

حیدرآباد /25 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا سکندر آباد کے امیدوار و کانگریس رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی سیکولرازم کی کامیابی ہے۔ انھوں نے آج مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور اپنی دس سالہ کار کردگی، سڑکوں کی تعمیر، ڈرینج مسائل کی یکسوئی، تعلیمی سہولتوں اور دیگر ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2004ء میں وہ عوام بالخصوص اقلیتوں کی تائید سے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے کامیاب ہوئے، جس کی وجہ سے اس حلقہ میں بی جے پی کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ اس حلقہ میں ہم نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کیا ہے، تاہم ریاست میں دس سال تک اقتدار سے محروم رہنے والی تلگودیشم نے اقتدار کے لالچ میں مسلمانوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپتے ہوئے فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد کرلیا۔ انھوں نے کہاکہ چندرا بابو نائیڈو حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں بستر مرگ پر رہنے والی بی جے پی کو آکسیجن فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ دونوں جماعتوں کے ناپاک اتحاد کو شکست دینا سیکولر عوام کی ذمہ داری ہے، کیونکہ بی جے پی کو ووٹ دینا نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس واحد جماعت ہے، جو اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے سیکولرازم کے استحکام کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، لہذا کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کی تائید کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مسٹر انجن کمار یادو نے کہا کہ وہ ترقی اور سماجی انصاف کو بنیاد بناکر عوام کے درمیان پہنچ رہے ہیں، انھیں عوام بالخصوص اقلیتوں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی جماعتوں کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، ماضی میں بی جے پی سے اتحاد کو تاریخی غلطی قرار دینے والے صدر تلگودیشم نے مسلمانوں سے معافی مانگی تھی، اس کے باوجود بی جے پی سے ایک بار پھر اتحاد کرلیا۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس بے بھروسہ جماعت ہے، سربراہ ٹی آر ایس اقلیتوں کو دھوکہ دینے کے لئے تیسرے محاذ کی بات کر رہے ہیں، تاہم انھوں نے مابعد انتخابات بی جے پی سے اتحاد نہ کرنے کا اعلان نہیں کیا۔ انھوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کا وعدہ کرکے کانگریس کو دھوکہ دیا ہے۔ علاوہ ازیں انھوں نے تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت کو بنانے کا عدہ کیا تھا، تاہم اب خود چیف منسٹر بننے کا ادعا کر رہے ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ جب کے سی آر نے اپنے مذکورہ وعدوں کو پورا نہیں کیا تو وہ کسی مسلم قائد کو کس طرح ڈپٹی چیف منسٹر بنائیں گے؟۔ لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ جذبات کی بجائے عقلمندی سے کام لیں اور سیکولرازم کو فروغ دینے کے لئے کانگریس پارٹی کی تائید کریں۔