اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی سے چیف منسٹر تلنگانہ کی دلچسپی

حکام سے فائل کی طلبی ‘ 23وعدوں کی تکمیل کیلئے عنقریب احکام کی اجرائی متوقع
حیدرآباد۔ 29 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اقلیتوں سے متعلق کئے گئے فیصلوں پر تیزی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر کی جانب سے کل اعلیٰ سطحی اجلاس میں جو فیصلے کئے گئے تھے، ان کی عاجلانہ عمل آوری کے سلسلہ میں عہدیداروں کو مصروف دیکھا گیا۔ چیف منسٹر کے دفتر سے تمام وعدوں کے بارے میں فائل طلب کی گئی ہے تاکہ احکامات جاری کئے جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے 23 وعدوں اور فیصلوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور محکمہ اقلیتی بہبود اس سلسلہ میں ضروری نوٹ کے ساتھ فائل چیف منسٹر کے دفتر روانہ کرے گا۔ چیف منسٹر کے سکریٹری برائے اقلیتی امور بھوپال ریڈی نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے چیف منسٹر کے وعدوں پر تبادلہ خیال کیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ جاریہ مالیاتی سال کے اختتام سے قبل بیشتر وعدوں کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے جائیں۔ انہوں نے بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں بھی عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو آج فائلوں کی تیاری میں مصروف دیکھا گیا۔ توقع ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ میں بعض اہم احکام جاری کئے جاسکتے ہیں۔