حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینکس سے مربوط سبسیڈی فراہمی اسکیم سے استفادہ کی آخری تاریخ آج ختم ہوگئی۔ 18 فروری سے اس اسکیم کے تحت درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ بند کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے آخری تاریخ میں توسیع سے متعلق تجویز کو قبول نہیں کیا۔ اس اسکیم کے تحت 26,620 امیدواروں کو 100 کروڑ روپئے کی سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ کارپوریشن نے سابقہ اسکیم کے تحت 4178 امیدواروں میں 11 کروڑ 13 لاکھ روپئے پہلے ہی جاری کردیئے ہیں۔ اس کے علاوہ سابقہ اسکیم کے تحت داخل کردہ 8 ہزار درخواستیں نئی اسکیم میں بھی اہل قرار پائی ہیں۔ نئی اسکیم کے تحت جملہ 16,336 درخواستیں آن لائین داخل کی گئیں جبکہ 13,045 درخواستیں آن لائین کی جانی باقی ہیں۔
ان میں حیدرآباد کی درخواستوں کی تعداد 11,193 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فینانس کارپوریشن کے پاس موجود نشانہ سے کہیں زیادہ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ان درخواستوں کو درخواست گزاروں کی جانب سے تجویز کردہ برانچس روانہ کیا جائے گا جہاں ضروری قواعد کی تکمیل کے بعد قرض کی منظوری کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ اسکیم کے تحت منظورہ 8000 درخواستوں کو سبسیڈی کی اجرائی کا عمل آئندہ ہفتہ شروع ہوجائے گا۔ وجئے نگرم ، گنٹور ، نظام آباد ، کریم نگر اور کھمم سے تیزی سے درخواستوں کی یکسوئی کی اطلاعات ملی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ زائد درخواستوں کو قرض کی منظوری کی صورت میں حکومت سے مزید بجٹ کی منظوری کیلئے نمائندگی کی جائے گی۔