اقلیتوں کے ساتھ مرکزی حکومت کا غیر منصفانہ رویہ آج چلو راج بھون پروگرام ، جناب سید عزیز پاشاہ کا اعلان

حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) اقلیتوں کے تئیں مرکزی حکومت کے متعصبانہ رویہ کے خلاف قومی صدر تنظیم انصاف وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ کی قیادت میں تنظیم انصاف کا چلو راج بھون پروگرام 28اپریل کو منعقد ہوگا۔جناب سیدعزیز پاشاہ کے بموجب خیریت آباد ریلوے اسٹیشن تا راج بھون سوماجی گوڑہ منعقد کی جانے والی اس ریالی کا مقصد مرکزمیں نریندر مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اقلیتوں کے متعلق مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیمات کے لئے مختص کردہ بجٹ سے فنڈز کی عدم اجرائی کے سبب اقلیتی طبقات کو ہونے والے نقصانات سے عوام کو واقف کروانا ہے ۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ چند دن قبل راجستھان میں تنظیم انصاف کی قومی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا تھا جس میںاقلیتوں کے تئیں مرکزی حکومت کے متعصبانہ رویہ کے خلاف قومی سطح پر احتجاج کالائحہ عمل بھی تیار کیاگیا تھا اور اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر 28اپریل کو چلو راج بھون کا انعقاد کیاجارہا ہے ۔