اقلیتوں کی فلاح و بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری کا فیصلہ

حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی فینانس کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس آج حج ہاوز میں منعقد ہوا۔ صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد ہدایت نے اجلاس کی صدارت کی۔ نوتشکیل شدہ بورڈ آف گورنرس کا یہ پہلا تعارفی اجلاس تھا جس میں کارپوریشن کی جانب سے عمل کی جارہی اسکیمات کا جائزہ لیا گیا۔ نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور نے بورڈ کے ارکان کو کارپوریشن کی اسکیمات اور ان پر عمل آوری کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ بورڈ نے کارپوریشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 31مارچ تک مکمل بجٹ خرچ کئے جانے کیلئے کی جارہی مساعی کی ستائش کی۔ صدرنشین اور بعض ارکان نے نئی اسکیمات کے بارے میں بعض تجاویز پیش کیں جن میں کارپوریشن کی جانب سے غریب اقلیتی افراد کو راست طور پر قرضوں کی فراہمی کی تجویز شامل ہے۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نشین محمد ہدایت اور منیجنگ ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ قومی اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن سے زائد فنڈز حاصل کرتے ہوئے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اقلیتی آبادی والے علاقوں کی ترقی سے متعلق اسکیم کے تحت مرکز سے آندھرا پردیش کو 200کروڑ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ اس رقم کیلئے کارپوریشن مرکز سے نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت خاطر خواہ اقلیتی آبادی والے علاقوں میں مختلف اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی۔ ٹریننگ و ایمپلائمنٹ اسکیم اور خودروزگار اسکیم پر عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ نے مکمل بجٹ خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کارپوریشن کو مختلف اسکیمات کیلئے جو بجٹ مختص کیا 31مارچ تک اسے خرچ کردیا جائے گا۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 19ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں اور حیدرآباد میں 13ہزار سے زائد درخواستیں آن لائن کئے جانے کے مرحلہ میں ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مستحق افراد کو راست قرضوں کی فراہمی کے سلسلہ میں ارکان نے تجویز پیش کی کہ کارپوریشن 10تا15ہزار روپئے کا قرض اپنے طور پر جاری کرے۔ اس اسکیم پر آئندہ مالیاتی سال کارپوریشن عمل آوری پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اجلاس میں محمد غلام غوث( محبوب نگر ) حامد حسین جعفری ( حیدرآباد ) اشفاق علی خاں (کرنول ) حیدر خاں ( میدک ) اور دوسروں نے شرکت کی۔ کارپوریشن کے جنرل منیجر ولایت حسین کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی اجلاس میں شریک تھے۔