اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے تلنگانہ کا بجٹ بے مثال

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرا شیکھر راؤ سے ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے ایک ہزار 37کروڑ روپئے کا بجٹ جاری کرنے پر چیف منسٹر مسٹرکے چندرشیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا۔ آج یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ساٹھ سالوں سے اقلیتوں کی ترقی میں جو خلاء سابقہ حکومتوں نے پیدا کیا ہے اس ختم کرنے کی پہل تلنگانہ حکومت نے کی ہے۔انہوں نے مسلم لڑکیوںکی شادی کے لئے علیحدہ ایک ہزار کروڑ روپئے کی اجرائی کے اعلان کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ سالانہ بیس ہزار لڑکیوںکی شادی کے نشانے کو پورا کرنے کے لئے مذکورہ ایک ہزارکروڑ روپئے کا بجٹ کافی ہے ۔ انہوں نے شادی اسکیم کو موثر بنانے کے لئے عنقریب ہلپ لائن سنٹر قائم کرنے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا اور کہاکہ شہر حیدرآباد میںمسلمانوں کی آبادی کے تناسب 35فیصد کے قریب ہے اور آبادی کے بڑا حصہ معاشی طور پر پسماندہ مسلمانوں کا ہے اور شادی اسکیم سے معاشی طور پر پسماندہ مسلمانوں کو مستفید کرنا تلنگانہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہوگی۔جناب الحاج محمد محمو د علی نے کہاکہ زائد عملے ک تقرر کے ذریعہ حج ہاوز کی عمارت میں ایک علیحدہ دفتر شادی مبارک اسکیم کے تحت قائم کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ بہتر حکمت عملی کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کا موقع فراہم کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ میناریٹی فیناس کارپوریشن کے ذریعہ بھی شادی مبارک اسکیم سے استفادہ اٹھانے کی راہیں ہموار کی جائیںگی تاکہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات اس اسکیم سے مستفید ہوسکے۔جناب الحاج محمد محمو دعلی نے کہاکہ اقلیتوں کی فلاح وبہبود وترقی تلنگانہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔