اقلیتوں کی فلاح و بہبود صرف ٹی آر ایس سے ممکن :ہریش راؤ

سنگا ریڈی کے اقلیتی قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت، وزیر آبپاشی نے استقبال کیا
حیدرآباد ۔ 9۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود صرف ٹی آر ایس حکومت سے ممکن ہے کیونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ چار برسوں میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے جو قدم اٹھائے اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ سنگا ریڈی سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے اقلیتی قائدین نے آج ہریش راؤ کی قیامگاہ واقع حیدرآباد پہنچ کر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی چنتا پربھاکر موجود تھے۔ ہریش راؤ نے کانگریس کے سابق کونسلر محمد عزیز ، کانگریس اقلیتی سیل کے سکریٹری ایم عبداللہ ، رحمن شریف ، شیخ واجد ، محمد جلیل ، معین تاج ، مصطفی حسین ، محمد مخدوم، کلیم بیگ ، شیخ واجد اور ان کے حامیوں کو ٹی آر ایس پارٹی کا کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اقلیتی بہبود کیلئے حکومت کے اقدامات سے متاثر ہوکر ان قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا قلیتی بہبود کیلئے حکومت نے 2000 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے۔ خود روزگار اسکیم کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو کار فراہم کی گئی جس سے ان کی معاشی پسماندگی دور ہوگی ۔ سابق حکومتوں نے اقلیتوں کی بھلائی اور روزگار کی فراہمی کو نظر انداز کردیا تھا۔ متحدہ آندھراپردیش کے 23 اضلاع میں اقلیتی بہبود کیلئے ایک ہزار کروڑ مختص کئے گئے تھے لیکن تلنگانہ حکومت نے گزشتہ چار برسوں میں 5580 کروڑ روپئے مختص کئے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوںکو صنعتوںکے قیام کے سلسلہ میں مختلف رعایتیں فراہم کی جارہی ہیں اور ٹی ایس پرائم اسکیم کا آغاز کیا گیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سنگا ریڈی میں ٹی آر ایس کا جھنڈا لہرائے گا۔ انہوں نے اقلیتی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ گھر گھر جاکر حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت کئی غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ سنگا ریڈی کے ٹی آر ایس امیدوار چنتا پربھاکر کو بھاری اکثریت سے منتخب کرتے ہوئے کے سی آر کے ہاتھ مضبوط کریں۔