اقلیتوں کی فلاحی اسکیمات پر تیزی سے عمل آوری کی ہدایت

اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل کے ضلعی عہدیداروں کو احکامات
حیدرآباد۔/17جنوری، ( سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل نے تمام 10اضلاع کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شادی مبارک‘ اقلیتوں کو سبسیڈی کی فراہمی اور دیگر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تیزی پیدا کریں۔ انہوں نے جائزہ حاصل کرنے کے دوسرے ہی دن آج تمام دس اضلاع کے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس اور فینانس کارپوریشن کے ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور 31مارچ سے قبل اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ انہیں درکار سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت ہمدردانہ موقف رکھتی ہے اور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، وہ کرایہ پر گاڑی حاصل کرتے ہوئے استعمال کرسکتے ہیں۔ شادی مبارک اسکیم کی ہر ضلع میں بہتر انداز میں تشہیر کیلئے فی کس 50ہزار روپئے تشہیری فنڈ منظور کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ جناب عمر جلیل کے علاوہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور، منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن نکولس کے علاوہ اقلیتی بہبود کے دیگر عہدیدار بھی ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔ اسپیشل سکریٹری نے شادی مبارک اسکیم کے سلسلہ میں ہر ضلع کو نشانہ مقرر کرتے ہوئے اس کی تکمیل کی مساعی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس اسکیم سے غریب خاندانوں کے استفادہ کو یقینی بنانے کیلئے مقامی ٹی وی چینلس پر اشتہارات اور عوام میں پمفلٹس کی تقسیم کا مشورہ دیا۔ جناب عمر جلیل نے عہدیداروں سے کہا کہ مالیاتی سال کے اختتام سے قبل ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی اسکیمات کے نشانوں کی تکمیل میں پیشرفت کو یقینی بنائیں۔ بعض عہدیداروں نے شکایت کی کہ برتھ سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی اور اجرائی میں تاخیر کے سبب شادی مبارک اسکیم میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ جناب عمر جلیل نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی جائے گی کہ برتھ سرٹیفکیٹس کی جگہ امیدوار کا سیلف ڈیکلریشن یا پھر کوئی اور سرٹیفکیٹ کو قبول کیا جائے۔ بعض ایم آر اوز کی جانب سے سرٹیفکیٹ کی اجرائی میں تاخیر کی شکایت پر جناب عمر جلیل نے کہا کہ وہ تمام ضلع کلکٹرس کو اس اسکیم پر عمل آوری میں تعاون کیلئے مکتوب روانہ کریں گے۔ ضلع کلکٹرس کے ذریعہ ایم آر اوز کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ ضروری دستاویزات کی اجرائی میں تاخیر نہ کریں۔ حکومت نے اس اسکیم کے تحت 20ہزار لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد کی فراہمی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری نے کہا کہ حیدرآباد میں اس اسکیم پر عمل آوری کی رفتار حوصلہ افزا ہے تاہم دیگر اضلاع میں بھی اس جانب توجہ دی جانی چاہیئے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی قرض سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی اسکیم کا جائزہ لیتے ہوئے اسپیشل سکریٹری نے ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ گزشتہ سال کی منظورہ درخواستوں کی از سر نو جانچ کا کام مکمل کرتے ہوئے 31 جنوری تک کارپوریشن کے ہیڈ آفس روانہ کردیں۔ گزشتہ سال منظورہ سبسیڈی کی تمام درخواستوں کا از سر نو جائزہ لینے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے لہذا عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ درخواستوں کی جانچ اور کلکٹرس سے منظوری حاصل کرتے ہوئے 31جنوری سے قبل رپورٹ ہیڈ آفس روانہ کردیں جس کے بعد سبسیڈی کی رقم منظورہ درخواست گذاروں کے بینک کھاتہ میں جمع کردی جائے گی۔ ویڈیو کانفرنس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے منظورہ درخواستوں کی جانچ کا کام حیدرآباد میں مکمل ہوچکا ہے اور سبسیڈی کی رقم جاری کردی گئی ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع ہوجائے گی۔ جناب عمر جلیل نے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس اور محکمہ کے دیگر آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ خدمات انجام دیں اور کسی بھی کوتاہی یا بے قاعدگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جناب جلال الدین اکبر نے اقلیتی بہبود کی اسکیمات اور ان پر عمل آوری کے موقف سے واقف کرایا اور عہدیداروں کو ضروری مشورے دیئے۔