اقلیتوں کی تعلیمی ترقی پر چانسلر اردو یونیورسٹی کے سمینار کی تاریخ میں نظر ثانی

9 کے بجائے 17 اگست کو مقرر ، حیدرآباد کی نمائندہ شخصیتوں کو مدعو کرنے پر غور و خوض
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی(سیاست  نیوز) اقلیتوںکی تعلیمی ترقی کے موضوع پر چانسلر اردو یونیورسٹی ظفر سریش والا کی جانب سے 9 اگست کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والا سمینار اب 17 اگست کو منعقد ہوگا۔ ظفر سریش والا نے بتایا کہ  ملک کے بعض دیگر علاقوں میں اسی موضوع پر سمینارس کے انعقاد کے سبب تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ 17 اگست کو اردو یونیورسٹی میں یہ سمینار منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے ماہرین تعلیم اور سائنسدانوں کو اظہار خیال کیلئے مدعو کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ ملک میں اقلیتوں کی تعلیمی ترقی اور انہیں روزگار سے مربوط کرنے کی حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ سریش والا نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اقلیتی طلبہ کیلئے ایسے کورسس میں تعلیم کا انتظام کیا جائے جن کی تکمیل کے بعد وہ بآسانی بڑے اداروں میں روزگار حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری ملازمت پر انحصار کرنے کے بجائے اب اقلیتوں کو انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر مسابقتی شعبوں میں نمایاں مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صرف تعلیمی ترقی کے ذریعہ ہی ملک میں اقلیتوں کی معاشی صورتحال کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔ وہ اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ اردو یونیورسٹی کے معیار تعلیم میں اضافہ کیا جائے اور روزگار سے مربوط کورسس کا آغاز ہو۔ انہوں نے کہا کہ چانسلر اردو یونیورسٹی کی حیثیت سے وہ یونیورسٹی کو دیگر قومی یونیورسٹیز کے معیار کے مطابق دیکھنا چاہتے ہیں۔ سریش والا نے بتایا کہ 3 اگست کو ممبئی میں ایک سمینار منعقد ہوگا جس کا موضوع تعلیم کی طاقت رکھا گیا ہے۔ اس سمینار سے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس اور دیگر اہم شخصیتیں خطاب کریں گی۔ ظفر سریش والا اس سمینار کی صدارت کریں گے۔