اقلیتوں کی تعلیمی اسکیم ’نئی منزل‘کو عالمی بینک کا قرض

نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتوں میں تعلیم اور ہنر کی تربیت سے متعلق مرکزی حکومت کی ’نئی منزل‘ اسکیم کے لئے ورلڈ بینک نے 50 ملین امریکی ڈالر کا قرض دینے سے آج اتفاق کرلیا۔ بین الاقوامی ترقیاتی اسوسی ایشن کے لئے مالیاتی سمجھوتہ پر وزارت فینانس اور عالمی بینک کی طرف سے دستخط کئے گئے۔ اس وزارت نے اپنے بیان میں کہاکہ اس پراجکٹ کے مجموعی مالیت 100 ملین امریکی ڈالر ہے جس کے منجملہ 50 ملین ڈالر بین الاقوامی ترقیاتی اسوسی ایشن (آئی ڈی اے) قرض کے طور پر دیئے جائیں گے اور ماباقی رقم مرکزی بجٹ سے فراہم کی جائے گی۔ غریبی سے نیچے کی سطح سے تعلق رکھنے والے 17 تا 35 سال کے افراد اس پراجکٹ کے اصل استفادہ کنندگان ہوں گے۔

 

سپرنٹنڈنٹ پولیس و 2 دیگر کا اغوا کرلیا گیا
پٹھان کوٹ ، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اور دو دیگر کا مبینہ طور پر اغوا کرکے پٹائی کردی گئی اور بعد میں انھیں پانچ ’مسلح‘ اشخاص نے یہاں موضع تاجپور کے قریب پھینک دیا، نیز اس کے بعد ایک غیرشناخت شدہ شخص اسی مقام کے قریب پُراسرار طور پر مردہ پایا گیا، جہاں اُن کی گاڑی چھوڑ دی گئی تھی۔ اس واقعہ کے فوری بعد آئی جی (بارڈر رینج) لوک ناتھ اَنگرا اعلیٰ عہدیداروں اور بھاری پولیس فورس کے ساتھ اُس مقام پر پہنچے۔