اقلیتوں کی ترقی کیلئے تلنگانہ سے مرکز کا بھرپور تعاون : نجمہ ہبت اللہ

حیدرآباد۔ 21۔ ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ نے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی کو تیقن دیا کہ تلنگانہ میں اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری کیلئے مرکزی وزارت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ انہوں نے مرکزی اسکیمات پر تلنگانہ میں زیادہ سے زیادہ عمل آوری کے امکانات کا جائزہ لینے کا تیقن دیا کیونکہ تلنگانہ میں اقلیتوںکی آبادی نہ صرف زیادہ ہے بلکہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔ ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ نے ریاستی حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی اسکیمات کی ستائش کی اور کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے حکومت نے جن نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ، ان پر بہتر عمل آوری کے ذریعہ اقلیتوں کی پسماندگی کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے نجمہ ہبت اللہ سے ملاقات کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی  اسکیمات کی تفصیل بیان کی اور مرکز سے خواہش کی کہ تلنگانہ کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈس فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی اسکالرشپ برائے اقلیتی طلبہ پر تلنگانہ میں عمل آوری کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہر ریاست کو مقررہ کوٹہ الاٹ کرنے کے سبب تلنگانہ میں ہزاروں طلبہ مرکزی حکومت کی اسکالرشپ سے محروم ہیں۔