اقلیتوں کی بھلائی کے لیے حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری اولین ترجیح

تمام طبقات کی بھلائی کے لیے خدمات انجام دینے کا عزم ، نئے سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور کا حصول جائزہ کے بعد خطاب
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) اقلیتی بہبود کے نئے سکریٹری دانا کشور نے کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی کے لیے حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ اقلیتی بہبود میں خدمات انجام دینے کا مجھے تجربہ ہے لیکن تلنگانہ ریاست میں حکومت نے جن فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ان پر عمل آوری پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ تمام اقلیتی طبقات کی تعلیمی و معاشی ترقی کی اسکیمات پر عمل آوری ہو۔ دانا کشور نے آج سکریٹریٹ میں سید عمر جلیل سے عہدے کا جائزہ حاصل کیا اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دانا کشور نے کہا کہ اقلیتی بہبود ایک اہم محکمہ ہے اور تمام اقلیتی طبقات کے لیے حکومت نے کئی اسکیمات شروع کی ہیں۔ یہ محکمہ مختلف طبقات سے مربوط ہے اور وہ تمام طبقات کی بھلائی کے لیے خدمات انجام دیں گے۔ حکومت نے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے انہیں آگے بڑھایا جائے گا۔ دانا کشور نے اقلیتی بہبود کے سابق سکریٹری سید عمر جلیل کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے بہتر انداز میں خدمات انجام دی ہیں۔ دانا کشور نے کہا کہ وہ اقلیتی اسکیمات کا جائزہ لینے کے بعد کارکردگی اور اپنی ترجیحات کے بارے میں کچھ کہنے کے موقف میں ہوں گے۔ اس موقع پر سید عمر جلیل نے کہا کہ چار برس تک انہیں اقلیتوں کی خدمت کا موقع ملا ہے اور اسکیمات پر عمل آوری کو وہ ایک چیلنج تصور کرتے رہے۔ حکومت نے جن اسکیمات کا آغاز کیا ان پر موثر عمل آوری کی گئی۔ چار برسوں میں کئی نئی اسکیمات کے آغاز اور ان پر عمل آوری کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اقلیتی طبقات کے ساتھ قریب سے کام کرنے کا موقع ملا اور وہ محکمہ میں چار برسوں کو یادگار تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دانا کشور سکریٹری کی حیثیت سے حکومت کی اسکیمات کو کامیابی سے آگے بڑھائیں گے اور اقلیتی اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ اس موقع پر 2014-2017 ء اقلیتی بہبود کی اسکیمات اور اداروں کی کارکردگی کے سلسلہ میں رپورٹ دانا کشور کے حوالے کی گئی۔ گزشتہ تین برسوں کے کارناموں پر مشتمل کتابچہ کی رسم اجراء انجام دی گئی۔ دانا کشور کو اوقافی جائیدادوں کی تفصیلات پر مشتمل دو سی ڈیز حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن وکٹر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ منان فاروقی اور سروے کمشنر وقف اسد اللہ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ عمر جلیل نے عہدیداروں کا دانا کشور سے تعارف کرایا۔ نئے سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کی ہے۔ توقع ہے کہ جمعہ کو جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔