نئی دہلی 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتوں کی بہبود کے لئے وزیراعظم کے 15 نکاتی پروگرام پر مختلف سطحوں پر نظر رکھی جارہی ہے تاکہ مؤثر عمل آوری یقینی بنائی جائے۔ وزیر اقلیتی اُمور نجمہ ہپت اللہ نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ یہ ایک ضرورت سے زیادہ وسیع پروگرام ہے جس میں کئی اسکیمات کا احاطہ کیا گیا ہے اور مختلف وزارتوں و محکمہ جات اِس میں سرگرم ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اِن اسکیمات اور پیشرفت پر نظر رکھی جارہی ہے۔ مقررہ نشانوں کو پورا کرنے میں بعض خامیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں نجمہ ہپت اللہ نے کہاکہ مرکز وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضے برخاست کرنے اور وقف بورڈ کے علاقائی دفاتر کو مستحکم بنانے پر غور کررہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دینی مدارس سے کامیاب ہونے والے طلبہ میں تعلیمی اور تکنیکی صلاحیتوں کے فرق کو ختم کرنے کیلئے برج کورس کی تجویز ہے۔