اقلیتوں کیلئے وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کے لیے کمیٹی تشکیل

مختلف فلاح و بہبود کے اقدامات کا جائزہ ، اضلاع میں بھی کمیٹیاں
حیدرآباد یکم ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود سے متعلق وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کی نگرانی کیلئے ریاستی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ چیف سکریٹری کی صدارت میں 18 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو پروگرام پر عمل آوری کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لے گی ۔ اس پروگرام کے تحت اقلیتوں کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے، معاشی سرگرمیوں، روزگار میں اقلیتوں کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنایا جائے گا۔ موجودہ اسکیمات اور نئی اسکیمات پر عمل آوری، خود روزگار اسکیمات اور اقلیتوں کو مختلف فنی شعبہ جات میں ٹریننگ کے ذریعہ ریاستی اور مرکزی حکومت کی ملازمتوں میں مواقع فراہم کرنے میں کمیٹی اہم رول ادا کرے گی۔ اقلیتوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا، دیہی ہاوزنگ اسکیم میں حصہ داری اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اسکیمات میں اقلیتوں کو مناسب مواقع فراہم کئے جائیں گے۔15نکاتی پروگرام کے تحت فرقہ وارانہ تشدد کی روک تھام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ریاستی سطح کی کمیٹی مختلف سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لے گی اور جہاں بھی ممکن ہوسکے بجٹ کا 15 فیصد حصہ اقلیتوں کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ مسلم، عیسائی، سکھ ،بدھسٹ اور پارسی طبقات کی بھلائی کیلئے 15نکاتی پروگرام مدون کیاگیا ہے ۔ چیف سکریٹری کی صدرات میں 17 ارکان ہوں گے اور سکریٹری اقلیتی بہبود کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔ ارکان میں اسپیشل چیف سکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج و رورل ڈیولپمنٹ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقی ،پرنسپل سکریٹری ہیلت میڈیکل اینڈ فیملی ویلفیر، پرنسپل سکریٹری انیمل ہسبنڈری ،پرنسپل سکریٹری ہوم، پرنسپل سکریٹری پلاننگ ، سکریٹری اعلی تعلیم ،سکریٹری امکنہ ، سکریٹری یوتھ اڈوانسمنٹ ٹورازم اینڈ کلچر، سکریٹری اسکول ایجوکیشن، سکریٹری لیبر ایمپلائمنٹ ،سکریٹری جی اے ڈی، سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال ،سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی اور اسپیشل سکریٹری فینانس شامل ہوں گے ۔ ضلع سطح پر اسی طرح کی کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی اور ضلع کلکٹر اس کے صدر نشین ہوں گے ۔ ضلع سطحی کمیٹیوں کا کم از کم ہر ماہ اجلاس منعقد ہوگا اور ریاستی کمیٹی کو سہ ماہی رپورٹ روانہ کی جائے گی۔