اقلیتوں کیلئے مساوی مواقع کمیشن کی تشکیل کو منظوری :رحمن خان

نئی دہلی 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات سے قبل اقلیتوں کو راغب کرنے کی ظاہر طور پر کوشش میں حکومت نے آج کافی انتظار والے مساویانہ مواقع کمیشن (ای او سی) کے قیام کی منظوری دیدی، جو نوکریوں اور تعلیم میں اقلیتی برادریوں کے خلاف امتیاز کے انسداد والا قانونی ادارہ ہوگا۔ وزیر اقلیتی امور کے رحمن خان نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ تاہم مجوزہ کمیشن حکومتی شعبہ یا اداروں سے متعلق شکایات سے نمٹے گا جہاں حکومت کا مفاد مضمر ہے اور خانگی شعبہ سے تعلق نہیں رکھے گا جس کی قبل ازیں تجویز تھی۔

انہوں نے اس کمیشن کے قیام کو مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد کہا کہ ہم نے پرائیویٹ سیکٹر کو حذف کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ حکومت کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ اس کمیشن کی تشکیل جسٹس سچر کمیٹی کی سفارشات میں سے ہے، جس نے مسلمانوں کی سماجی۔ معاشی پسماندگی کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہر کسی کو مساوی حقوق اور مواقع دیتا ہے لیکن عملی طور پر اگر ایسا ہوتا تو اقلیتیں سماجی و معاشی طور پر پسماندہ ہی نہیں رہ جاتی جیسا کہ وہ ہیں۔ اُن کیلئے اپنی شکایات درج کرانے کا کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا۔ یہ کمیشن اُن کی شکایات دور کرنے کی سعی کرے گا۔