حیدرآباد۔/14فبروری، ( سیاست نیوز)خود روزگار اسکیم کے تحت اقلیتی بیروزگار افراد کو اقلیتی فینانس کارپوریشن سے بینک سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی اسکیم سے استفادہ کیلئے آخری تاریخ میں توسیع کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت نے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 10فبروری مقرر کی تھی تاہم امیدواروں کو سرٹیفکیٹس کے حصول میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود محمد احمد اللہ نے محکمہ سماجی بھلائی کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کی اور درخواست دینے کی آخری تاریخ میں 28فبروری تک توسیع کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو انکم سرٹیفکیٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے لہذا تاریخ میں توسیع ناگزیر ہے۔ تاریخ میں توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو اس اسکیم سے مستفید کرنا ہے۔ اسی دوران منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے 10فبروری کے بعد بھی درخواستیں قبول کی جارہی ہیں اور حکومت کی جانب سے تاریخ میں توسیع کے بعد انہیں آن لائن کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ زائد اسٹاف کے ذریعہ روزانہ رات دیر گئے تک درخواستوں کو آن لائن کرنے کا کام جاری ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حکومت نے جو نشانہ مقرر کیا ہے اس کی باآسانی تکمیل ہوجائے گی۔ بینکرس کو قرض کی اجرائی کے سلسلہ میں راضی کرنے کیلئے ضلع کلکٹر کی سطح پر اجلاس میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔ حکومت نے قرض کی اجرائی کے سلسلہ میں تمام بینکس کیلئے علحدہ نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کی متعلقہ بینکوں کو روانگی کا آغاز ہوچکا ہے۔ توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ تمام درخواستیں متعلقہ بینکس روانہ کردی جائیں گی جہاں قرض کی اجرائی کے سلسلہ میں بینکس عہدیدار اپنی کارروائی شروع کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ بینکس سے قرض کی منظوری کے بعد اقلیتی فینانس کارپوریشن قرض کی رقم کا 50فیصد درخواست گذار کے اکاؤنٹ میں بطور سبسیڈی جاری کردے گا۔