اقلیتوں کیلئے خود روزگار اسکیم ، 15 فروری تک درخواستوں کا حصول متوقع

حیدرآباد ۔ 3 ۔فروری (سیاست نیوز) اقلیتوں کیلئے اعلان کردہ خود روزگار اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے ۔ توقع ہے کہ اقلیتوں ، ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، خواتین اور معذورین کی جانب سے 15 فروری تک درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ سرکاری طور پر اگرچہ تاریخ میں توسیع کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا لیکن عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ آن لائین درخواستوں کی وصولی جاری رکھیں ، ساتھ ہی ساتھ دفاتر میں دی جانے والی درخواستوں کو قبول کریں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے اس سلسلہ میں اپنے دفتر میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا ہے جہاں سینکڑوں کی تعداد میں درخواست گزار درخواستیں داخل کرتے دیکھے گئے ۔ حیدرآباد میں زونل کمشنرس بلدیہ اور اگزیکیٹیو ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے پاس آن لائین درخواستیں داخل کی جارہی ہیں جبکہ حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس پر تحریری درخواستیں حاصل کر کے عہدیدار انہیں آن لائین کر رہے ہیں۔ اسی دوران کلکٹر حیدرآباد نے بینکرس کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے تاکہ درخواست گزاروں کو قرض کی اجرائی کا جائزہ لیا جاسکے۔ ریاست بھر میں 10 ، 20 اور 28 فروری کو ضلع کلکٹرس کے پاس بینکرس کے ساتھ اجلاس منعقد ہوگا جس میں درخواستوں کے ساتھ ساتھ قرض کی منظوری کو قطعیت دی جائے گی ۔

سبسیڈی کی فراہمی سے متعلق اسکیم پر عمل آوری میں اقلیتی فینانس کارپوریشن دیگر طبقات کے اداروں سے آگے ہیں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے 30,000 روپئے سبسیڈی سے متعلق سابقہ اسکیم کے تحت 11 کروڑ 13 لاکھ روپئے 4178 استفادہ کنندگان نے جاری کئے ۔ حکومت نے نئی اسکیم کے تحت 26,620 افراد میں 100 کروڑ روپئے سبسیڈی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ چونکہ اقلیتی فینانس کارپوریشن سابقہ اسکیم کے تحت 11 کروڑ 13 لاکھ روپئے جاری کرچکا ہے، اب اسے 88 کروڑ 86 لاکھ روپئے 22442 استفادہ کنندگان کو جاری کرنا ہے۔ 30 جنوری تک جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد میں ایس سی کارپوریشن نے 1700 درخواستوں کا نشانہ مقرر کیا جس میں 164 درخواستوں کو بینکوں نے قرض کی اجرائی سے اتفاق کیا ۔ تاہم ایس سی کارپوریشن کی جانب سے ایک بھی امیدوار کو سبسیڈی جاری نہیں کی گئی ۔ اسی طرح بی سی کارپوریشن کیلئے 3081 امیدواروں میں سے 1006 درخواستوں کو قرض کی فراہمی سے بینکوں نے اتفاق کیا لیکن بی سی کارپوریشن کی جانب سے ایک بھی امیدوار کو سبسیڈی جاری نہیں کی گئی ۔ اس کے برخلاف اقلیتی فینانس کارپوریشن کیلئے حیدرآباد میں مقرر کردہ 7513 کے نشانہ میں سے 1461 درخواست گزاروں کو بینکوں نے قرض کی فراہمی سے اتفاق کیا ہے ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے 427 افراد کو ایک کروڑ 27 لاکھ 10,000 روپئے سبسیڈی جاری کردی۔ 165 امیدواروں نے اپنے یونٹ قائم کرلئے ہیں جن کی مالیت 39 لاکھ 50 ہزار بتائی جاتی ہے۔