اقلیتوں کیلئے خود روزگار اسکیم، 31 جنوری ادخال درخواست کی آخری تاریخ

حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اقلیتوں کو بینکوں سے قرض کی اجرائی پر سبسیڈی کی فراہمی سے متعلق خود روزگار اسکیم پر مقررہ مدت کے دوران عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے ہنگامی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور سے مشاورت کے بعد تمام اضلاع کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہے۔ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر کی گئی ہے اور درخواست گزار اضلاع میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کے اگزیکیٹیو ڈائرکٹرس اور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس سے اپنی درخواستیں رجوع کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کیلئے آن لائین سہولت فراہم کی گئی ہیں۔

ای سیوا کے علاوہ منڈل سطح پر منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر کو آن لائین سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ درخواست گزار ضلع ہیڈ کوارٹر پر اگزیکیٹیو ڈائرکٹر اور منڈل کی سطح پر ایم پی ڈی او کے پاس درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ تمام درخواستیں منڈل سطح کی سلیکشن و اسکریننگ کمیٹی سے رجوع کئے جائیں گے، جہاں استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائے گا ۔ استفادہ کنندگان کی فہرست ضلع سطح کی نگرانکار کمیٹی سے رجوع کی جائے گی۔ ضلع واری کمیٹی ضلع کلکٹر کی صدارت میں استفادہ کنندگان کو قطعیت دے گی اور انہیں آن لائین اقلیتی فینانس کارپوریشن ہیڈ آفس سے رجوع کیا جائے گا۔ اگزیکیٹیو ڈائرکٹر اور ڈسٹرکٹ میناریٹی آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ درخواستوں کی مقررہ مدت کے دوران یکسوئی عمل میں لائیں۔ اس اسکیم کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں اور ریاست بھر میں 26,618 استفادہ کنندگان کو سبسیڈی فراہم کی جائیں گی۔ نئی اسکیم کے تحت عمر کی حد 21 تا 40 سال مقرر کی گئی ہے۔ درخواست گزار کے پاس راشن کارڈ لازمی ہے اور شہری علاقوں میں انکم کی حد 75,000 سالانہ جبکہ دیہی علاقوں میں 60,000 روپئے سالانہ مقرر کی گئی ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ خاتون امیدواروں کو ضلع اور منڈل کی سطح پر 31 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ سبسیڈی کے حصول کیلئے یونٹ کی مالیت دو لاکھ پچاس ہزار روپئے سے زائد نہیں ہونی چاہئے۔ جبکہ کارپوریشن یونٹ کاسٹ کا 50 فیصد بطور سبسیڈی فراہم کرے گا۔ سبسیڈی کی اعظم ترین حد ایک لاکھ روپئے ہوگی۔ بینک 40 تا 70 فیصد قرض فراہم کریں گے۔ مابقی رقم امیدوار کو مکمل کرنی ہوں گی۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سابقہ اسکیم کے تحت کارپوریشن 11 کروڑ 13 لاکھ روپئے جاری کردیئے ہیں جبکہ 8216 درخواستیں زیر تصفیہ ہیں۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان درخواستوں کی جلد یکسوئی کردیں کیونکہ بینکس نے قرض کی فراہمی سے اتفاق کرلیا ہے۔ ان درخواستوں کی یکسوئی کی صورت میں 23 کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ اس اسکیم سے بہتر طور پر استفادہ کریں تاکہ چھوٹے کاروبار کے آغاز کے ذریعہ معاشی موقف کو بہتر بنایا جاسکے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اسکیم سے استفادہ کیلئے آخری تاریخ میں مزید توسیع کی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالیاتی سال کے اختتام سے قبل اسکیم کیلئے جاری کردہ مکمل بجٹ کو خرچ کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔