اقلیتوں کیلئے حکومت کی سبسیڈی اسکیم میں 15 مئی تک توسیع

آن لائن نظام جاری رہے گا ، بینکوں سے شکایت پر اجلاس رکھنے اسپیشل سکریٹری کا عزم
حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینکوں سے مربوط سبسیڈی فراہمی اسکیم کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی تاریخ میں 15 مئی تک توسیع کی گئی ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اس سلسلہ میں سنٹر فار گُڈ گورننس کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور آن لائن درخواستوں کے ادخال سے متعلق ویب سائیٹ کو برقرار رکھنے کی خواہش کی۔ سی جی جی کے عہدیداروں نے 15 مئی تک آن لائن سسٹم جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے ۔ مختلف اقلیتی تنظیموں اور افراد کی جانب سے حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی کہ سبسیڈی کی فراہمی اسکیم کیلئے تاریخ میں توسیع کی جائے ۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ اقلیتی امیدوار 15 مئی تک آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے اس اسکیم کے تحت 8200 افراد کو سبسیڈی فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا اور ابھی تک 31150 درخواستیں داخل ہوچکی ہیں۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ درخواستوں کے ادخال کی تاریخ کے بعد حکومت سے زائد بجٹ کیلئے نمائندگی کی جائے گی تا کہ زیادہ سے زیادہ درخواست گذاروں کو سبسیڈی منظور کی جاسکے ۔ اس اسکیم کے تحت چھوٹے کاروبار کے سلسلہ میں کارپوریشن ایک لاکھ روپئے تک کی سبسیڈی فراہم کرتا ہے ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں بینکوں سے عدم تعاون کی شکایات ملی ہیں جس کیلئے بینکرس کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔