کویتا کے لوک سبھا حلقہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی۔ محمد علی شبیر کا احتجاج
حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے انتخابات میں رائے دہندوں کو لبھانے کے لیے سیاسی جماعتوں یا امیدواروں کی جانب سے کسی بھی تحفے تحائف کی پیشکشی یا رقم کی تقسیم کو انتخابی قواعد کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ لیکن برسر اقتدار ٹی آر ایس کی جانب سے ریاست کے مختلف علاقوں میں رائے دہندوں بالخصوص اقلیتوں کی تائید حاصل کرنے کے لیے پارٹی کیڈر کے استعمال کی شکایات ملی ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں جس طرح دولت کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ امکان ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بھی یہی حربہ استعمال ہوگا اور رائے دہندوں کو بھاری رقومات کے ذریعہ خریدنے کی کوشش کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے سی آر کی دختر کے کویتا کے انتخابی حلقہ نظام آباد میں آئیمہ اور موذنین کو رقومات کے علاوہ تحائف پیش کرنے کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ افسوس تو اس بات پر ہے کہ حکومت کی جانب سے آئیمہ اور موذنین کے ماہانہ اعزازیہ میں اضافے کے اعلان کے باوجود ابھی تک عمل آوری کا آغاز نہیں ہوا لیکن کویتا کے لوک سبھا حلقہ میں آئیمہ اور موذنین کو رقومات کے ساتھ کپڑے اور ایک بیاگ بطور تحفہ دیا گیا جس کی تصویر کشی بھی کی گئی۔ اسی طرح کا ایک معاملہ نظام آباد کے درپلی میں منظر عام پر آیا جہاں مسجد کے امام کو 10 ہزار روپئے ایک جوڑا کپڑے، ایک قرآن مجید کو بیاگ میں رکھ کر بطور تحفہ دیا گیا۔ جبکہ موذن کو 5 ہزار روپئے ایک عدد جوڑا اور قرآن مجید بیاگ میں رکھ کر بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ مسجد کے آئیمہ اور موذنین کے ساتھ ٹی آر ایس کے مقامی قائدین نے تصویر کشی بھی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کویتا کے حق میں مسلم رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے اس طرح کی انتخابی قواعد کی خلاف ورزیاں عام ہوچکی ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ جیسے جیسے رائے دہی کی تاریخ قریب آئے خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگا۔ اسی دوران کانگریس کے سینئر قائد اور رکن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس مسلم مذہبی شخصیتوں کو تحائف کی پیشکشی کے ذریعہ رائے دہندوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنا انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق سنگین جرم ہے جس کا ٹی آر ایس ارتکاب کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اس طرح کے لالچ میں نہیں آئیں گے اور لوک سبھا انتخابات میں ان کی تائید کانگریس کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مقامی قائدین اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے نمائندگی کریں گے۔ لوک سبھا حلقہ نظام آباد کے تحت تمام مساجد میں آئیمہ اور موذنین کو اسی طرح رقم اور تحفہ پیش کرنے کی تیاری ہیں جس کا کانگریس پارٹی مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لیے حکومت نے جن اسکیمات کا اعلان کیا ان پر تو عمل آوری صفر کے برابر ہے لیکن محض انتخابی فائدے کے لیے وقتی طور پر تحائف پیش کیئے جارہے ہیں۔