حیدرآباد۔یکم فروری، ( سیاست نیوز) غریب اقلیتوں کو خودروزگار اسکیم سے استفادہ کے سلسلہ میں اگرچہ حکومت نے باقاعدہ طور پر درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم ریاست بھر میں اقلیتی امیدواروں کی جانب سے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ اضلاع اور حیدرآباد میں آن لائن درخواستوں کی وصولی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد اور تمام اضلاع میں آن لائن درخواستوں کو داخل کرنے ویب سائٹ کھلی رکھی گئی ہے اور ابھی تک مجموعی طور پر تقریباً 7000 درخواستیں داخل کردی گئیں۔ ان میں سب سے زیادہ درخواستیں ضلع اننت پور سے داخل کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع میں ایم پی ڈی اوز کے دفاتر اور حیدرآباد میں زونل کمشنرس بلدیہ اور ایکزیکیٹو ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے علاوہ کارپوریشن کے دفتر واقع حج ہاوز میں درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں تحریری طور پر درخواستیں حاصل کرتے ہوئے فینانس کارپوریشن کے عہدیدار انہیں آن لائن اپ لوڈ کررہے ہیں۔
اس اسکیم سے اقلیتوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کیلئے کل اتوار کے دن بھی درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایاکہ حج ہاوز میں ایک خصوصی کاؤنٹر اتوار کے دن بھی کام کرے گا جو درخواستوں کی وصولی اور امیدواروں کی رہنمائی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن میں ایک ہزار سے زائد تحریری درخواستیں موجود ہیں جنہیں آن لائن کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حکومت بہر صورت اس اسکیم کیلئے تاریخ میں توسیع کا اعلان کرے گی۔ توقع ہے کہ پیر کے دن اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے علاوہ اقلیتی کمیشن اور عوامی نمائندوں نے بھی تاریخ میں توسیع کے سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ تمام شرائط کی تکمیل کے ساتھ ہی درخواستیں داخل کریں تاکہ اس اسکیم سے استفادہ کا موقع ملے۔