صدر آل انڈیا یونائٹیڈ مسلم مورچہ ڈاکٹر ایم اعجاز علی کا بیان
نئی دہلی14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)آل انڈیایونائٹیڈ مسلم مورچہ کے قومی صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ایم اعجاز علی نے ملک کی موجودہ صورت حال میں مسلمانان ہند کو عدم تحفظ کے احساس سے باہر نکالنے کیلئے مرکزی حکومت سے ایس سی؍ایس ٹی ایکٹ میں اقلیتوں کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر اعجاز نے کہا کہ انسداد تشدد ایکٹ میں سپریم کورٹ کے ذریعہ کی گئی تخفیف کو درست کرنے کیلئے مرکز ی حکومت جو مجوزہ آرڈی ننس لانے جارہی ہے اس میں دلتوں اور قبائلیوں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو بھی شامل کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے اس قانون کو کمزور کیا گیا ہے تب سے مسلمانوں کی طرح دلتوں کے خلاف بھی ظلم و تشدد کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ سابق ایم پی نے دعویٰ کیاکہ گزشتہ 2 اپریل کو دلتوں نے جو ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کیا اس نے حکومت کو ہلا کررکھ دیا جس کے بعد وہ ایکٹ کے سلسلے میں آرڈی ننس لانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔