اقلیتوں کو ایس سی ، ایس ٹی کے مماثل مراعات کیلئے چیف منسٹر کو رپورٹ روانہ

تین محکمہ جات میں 17اسکیمات کی نشاندہی، احکامات کی عنقریب اجرائی متوقع

حیدرآباد ۔6۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ایک رپورٹ روانہ کی گئی جس میں اقلیتوں کو ایس سی ، ایس ٹی کے مماثل مراعات اور سہولتوں کی فراہمی کی تفصیلات درج کی گئی ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کی جانب سے روانہ کردہ اس رپورٹ میں 17 ایسی سہولتوں اور مراعات کا ذکر کیا گیا جو ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو حاصل ہے اور جنہیں اقلیتوں کو توسیع دی جاسکتی ہے۔ چیف منسٹر نے حالیہ اسمبلی اجلاس میں اقلیتوں کو ایس سی ، ایس ٹی کے مماثل مراعات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیت کے سکریٹریز کو اجلاس منعقد کرتے ہوئے مراعات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ تینوں محکمہ جات نے 17 اسکیمات کی نشاندہی کی ہے جن میں اقلیتی امیدواروں کو بھی حصہ داری دی جاسکتی ہے۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ احکامات کی اجرائی سے قبل چیف منسٹر کو تفصیلات سے آگاہ کرنے کیلئے رپورٹ روانہ کردی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے باقاعدہ احکامات کی اجرائی کے بعد جن شعبہ جات میں اقلیتوں کو فائدہ ہوگا ، ان میں سرکاری ملازمتوں اور پیشہ ورانہ کورسس میں داخلے اہمیت کے حامل ہیں۔ اس کے علاوہ زرعی اور ہارٹیکلچر شعبہ میں بھی ایس سی ، ایس ٹی کے مماثل اقلیتوں کو سہولتیں حاصل رہیں گی۔ ریاست میں اقلیتی بجٹ کے خرچ کے سلسلہ میں طویل عرصہ سے سب پلان کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور اگر ایس سی ، ایس ٹی کے مطابق مراعات فراہم کی جا ئیں تو حکومت کو علحدہ سب پلان کا اعلان کرنا پڑے گا۔ حکومت آئندہ بجٹ میں اقلیتوں کیلئے علحدہ سب پلان کا اعلان کرسکتی ہے۔ بشرطیکہ اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں آئے ۔ ایس سی ، ایس ٹی کے مماثل مراعات کے سلسلہ میں مختلف کورسس کی نہ صرف کوچنگ مفت حاصل ہوگی بلکہ اقلیتی طلبہ کے لئے نصابی کتابوں کا بھی مفت انتظام کیا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے پاس منعقدہ اجلاس اور اضافی مراعات کی وضاحت کرتے ہوئے چیف منسٹر کو رپورٹ روانہ کی گئی ۔ چیف منسٹر نے 16 ایسے اعلانات کئے تھے جن پر فی الفور عمل آوری کی جانی ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے ان اعلانات کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کو مکتوب روانہ کیا ہے۔