اقلیتوں اور کمزور طبقات کے ساتھ نا انصافی ناقابل برداشت

مخدوم بھون میں روہنگی مسلمانوں کے اجتماع سے جناب سید عزیز پاشاہ کا خطاب

حیدرآباد۔21فبروری(سیاست نیوز) دنیا کے کسی بھی خطے اور کونے میں اقلیتوں اور کمزور طبقات کے ساتھ ناانصافیوں کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ سابق رکن پارلیمنٹ وسینئر کمیونسٹ قائد جناب سید عزیز پاشاہ نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں روہنگی مسلمانوں کے کثیر اجتماع سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔راجندر نگر میں مقیم چار سو سے زائد روہنگی مسلمانوں نے آج مخدوم بھون پہنچ کر اپنے لئے عارضی رہائش گاہیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سی پی آئی کے رکن اسمبلی وفلورلیڈر جی ملیش کے علاوہ سی پی آئی راجندر نگر سکریٹری ظہیر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ جناب سیدعزیزپاشاہ نے اپنی تقریر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ برما حکومت کی نگرانی میںبرمی افواج مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہے ہیںجس کے سبب ہزاروں کی تعداد میںروہنگی مسلمان نقل مقام پر مجبور ہوگئے ہیں اور پڑوسی ممالک جیسے ہندوستان ‘ بنگلہ دیش اور پاکستان میںمہاجرین کی زندگی گذار رہے ہیں۔

جناب سیدعزیزپاشاہ نے حیدرآباد میںمقیم روہنگی مسلمانوں کو عارضی رہائش گاہیں فراہم کرنے کے لئے کلکٹر رنگاریڈی سے نمائندگی کا وعدہ بھی کیا ۔ یوٹیوب پر برمی مسلمانوں کی نسل کشی کے مناظر دیکھ کر جذبات سے مغلوب رکن اسمبلی وفلور لیڈر سی پی آئی مسٹر گنڈہ ملیش نے برمی حکومت کی نگرانی میںروہنگی مسلمانوں کی نسل کشی کو افسوس ناک قراردیا۔ مسٹر ملیش نے کہاکہ عورتیں اور معصوم بچے بھی برمی فوج کے مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے روہنگی مسلمانوں پر مظالم پرعالمی برادری کی خاموشی کو نہایت افسوس ناک قراردیا۔