حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اقلیتوں اور دیگر طبقات کو خود روزگار اسکیم کے تحت مختلف یونٹس کے قیام کیلئے سبسیڈی کی فراہمی سے متعلق اسکیم کے سلسلہ میں اقلیتوں میں کافی جوش و خروش پایاجاتا ہے۔ حکومت نے اس اسکیم کے تحت درخواست دینے کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر کی ہے۔ تاہم مختلف گوشوں سے نمائندگی کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ حکومت آخری تاریخ میں توسیع کرے گی۔ ریاست بھر میں اس اسکیم کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن 26618 مستحق افراد کو ایک لاکھ روپئے تک کی سبسیڈی فراہم کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست بھر میں تاحال 648 درخواستیں آن لائین داخل کردی گئی ہیں۔ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے شرائط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اضلاع میں درخواستیں متعلقہ منڈل کے ایم پی ڈی او کے پاس داخل کی جائیں گی جبکہ حیدرآباد میں تمام 6 بلدی زونل کمشنرس اور کارپوریشن کے اگزیکیٹیو ڈائرکٹرس کے پاس درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ تمام درخواستیں آن لائین کی جائیں گی ۔ حیدرآباد میں زونل کمشنر کے پاس تاحال آن لائین درخواستوں کا انتظام نہ ہونے کے سبب اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دفتر میں ایک علحدہ کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں یہ درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں۔
کارپوریشن کو ملنے والی تمام درخواستیں بعد میں متعلقہ زونل کمشنر سے رجوع کردی جائیں گی جہاں انہیں آن لائین کیا جائے گا ۔ می سیوا مراکز پر آن لائین درخواستوں کو داخل کرنے کیلئے علحدہ ویب سائیٹ توقع ہے کہ آئندہ دو دن میں شروع ہوجائے گی۔ درخواستوں کے ادخال کے وقت امیدوار کی جانب سے راشن کارڈ اور انکم سرٹیفکٹ دینا لازمی قرار دیا گیا ہے ، اس کے بغیر درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ درخواستوںکی آخری تاریخ کے بعد انہیں متعلقہ اضلاع کی کمیٹیوں سے رجوع کیا جائے گا ۔ ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کی قیادت میں 8 رکنی عمل آوری و مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہیں جس میں تین سماجی کارکن بھی شامل رہیں گے۔ اس کمیٹی میں بینکرس موجود ہوں گے جو درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد قرض کی منظوری سے اتفاق کریں گے۔ اجلاس میں قرض کی منظوری والی درخواستوں کو قطعیت دینے کے بعد انہیں اقلیتی فینانس کارپوریشن روانہ کیا جائے گا جہاں سبسیڈی کی رقم راست طور پر امیدوار کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی ۔ متعلقہ بینک سبسیڈی کی اجرائی کے بعد ہی قرض کی رقم جاری کرے گا۔ حکومت کی جانب سے دی جارہی سبسیڈی کی رقم بطور امداد ہوگی جبکہ امیدوار کو بینک کا قرض طئے شدہ معاہدہ کے مطابق اقساط میں ادا کرنا ہوگا۔ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے امیدواروں کی عمر 21 تا 40 سال کے درمیان ہونی چاہئے ۔
ایسے امیدوار جنہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے، انہیں اسکیم میں ترجیح دی جائے گی۔ ہر خاندان سے صرف ایک فرد ہی اس اسکیم سے استفادہ کر پائے گا۔ اس طرح کی اسکیم سے سابق میں استفادہ کرنے والے افراد دوبارہ سبسیڈی کے حصول کے اہل نہیں ہوں گے۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے رضاکارانہ تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اسکیم کے بارے میں اقلیتوں میں شعور بیدار کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب اور مستحق اقلیتی خاندان اس اسکیم سے مستفید ہوسکیں۔