اقلیتوںکی ترقی صرف ٹی آرایس سے ممکن: ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی

اضلاع کے اقلیتی قائدین کے ساتھ اجلاس، انتخابی منشور میں اقلیتی امور کی شمولیت کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 24۔ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے۔ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار برسوں کے دوران اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے جو قدم اٹھائے اس کی مثال ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ملتی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آج اپنی قیامگاہ پر مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی کے اقلیتی قائدین اور کارکنوں سے پارٹی کے انتخابی منشور اور انتخابی مہم پر مشاورت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد سے ریاست میں انتخابی ماحول پیدا ہوچکا ہے اور اقلیتی طبقات کے سی آر حکومت کی دوبارہ کامیابی کا عہد کرچکے ہیں ۔ اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کے سی آر حکومت نے حقیقی معنوں میں سنجیدہ قدم اٹھائے جبکہ سابق میں حکومتوں نے صرف وعدے کئے لیکن عمل آوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی انتخابی منشور میں اقلیتوں سے متعلق مختلف امور کو شامل کرنے کیلئے کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر کیشو راؤ سے نمائندگی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی جانب سے پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں علحدہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا جس کے تحت اقلیتی طبقات کو حکومت کی مختلف اسکیمات سے آگاہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی تائید کی اپیل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اقلیتی قائدین اور کارکنوں میں غیر معمولی جوش و خروش ہے۔ مختلف اضلاع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق رائے دہندے انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کرچکے ہیں اور وہ کھلے عام اپنے فیصلہ کا اظہار کر رہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اضلاع کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ضلع میں اقلیتوں کے درپیش مسائل کی تفصیلات پیش کریں تاکہ حکومت کی تشکیل کے بعد ان کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں شمولیت کیلئے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا ۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ پارٹی کے اقلیتی قائدین کی جانب سے ہر ضلع میں اقلیتی کنونشن منعقد کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائی جائے گی ۔ اضلاع کے قائدین نے ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ اقلیتوں میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں اور اضلاع کے لئے قائدین کی ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد باقاعدہ حکمت عملی طئے کی جائے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت ٹی آر ایس کی ہوگی اور عوام اپوزیشن اتحاد کو مسترد کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو روکنے کے واحد مقصد سے اپوزیشن جماعتیں ناپاک اتحاد کی کوششیں کر رہی ہیں۔