10 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ ، اقلیتی بہبود عہدیداروں اور رضاکارانہ تنظیموں کا اجلاس ، اے کے خاں کا خطاب
حیدرـآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے اقامتی اسکولس میں تدریسی اسٹاف کی 10ہزار جائیدادوں پر تقررات کیلئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن جلد اعلامیہ جاری کرے گا۔ مذکورہ تقررات میں اقلیتی طلباء کی موثر نمائندگی کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے 11اضلاع میں اقلیتی طلباء کو کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے آج اقلیتی بہبود کے عہدیداروں اور بعض رضاکارانہ تنظیموں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں کوچنگ کے طریقہ کار اور زیادہ سے زیادہ اقلیتی طلباء کی شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ جماعت اسلامی اور دیگر رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں این جی اوز سے خواہش کی گئی کہ وہ تقررات کے بارے میں اقلیتی طلباء میں شعور بیدار کریں تاکہ 10ہزار جائیدادوں میں زائد حصہ داری مل سکے۔ واضح رہے کہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کے اقامتی اسکولس میں جن 10ہزار جائیدادوں پر تقررات عمل میں آئیں گے ان میں پرنسپلس، ٹی جی ٹی، پی جی ٹی، کرافٹ ٹیچر، نرسیس اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کی جائیدادیں شامل ہیں۔ اقلیتی طلباء کو ٹریننگ کے سلسلہ میں بہتر فیکلٹی کا انتخاب کیا جائے گا۔ تقررات کے سلسلہ میں پبلک سرویس کمیشن عمر کی حد 40سال مقرر کرسکتا ہے۔ چونکہ زیادہ تر جائیدادیں عام زمرہ کی ہیں لہذا اہل اور قابل اقلیتی امیدوار کوچنگ حاصل کرتے ہوئے تقررات حاصل کرسکتے ہیں۔ پبلک سرویس کمیشن کے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی سی ای ڈی ایم کوچنگ پروگرام کا اعلان کرے گا۔ یہ پہلا موقع ہے جب اس قدر بڑی تعداد میں ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات عمل میں آرہے ہیں۔ رضاکارانہ تنظیموں نے یقین دلایا کہ وہ تقررات میں اقلیتی امیدواروں کی حصہ داری یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ واضح رہے کہ اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کے سلسلہ میں رضاکارانہ تنظیموں نے اہم رول ادا کیا تھا۔