چیف منسٹر کی ہدایت پر عہدیداران تقررات عمل میں لانے مصروف ، ذاتی عمارتوں کی تعمیر کے لیے اراضی نشاندہی میں تیزی
حیدرآباد۔/28جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اقامتی اسکولوں میں تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کی تیاریوں میں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقامتی اسکولس کے معیار میں بہتری کیلئے کوالیفائیڈ تدریسی عملے کے تقرر کی ضرورت پر زور دیا۔ گذشتہ سال اقامتی اسکولس کا آغاز ہوا تاہم ابھی تک پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے باقاعدہ تقررات عمل میں نہیں لائے گئے۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں عارضی اور کنٹراکٹ کی بنیاد پر اساتذہ اور دیگر عملے کا تقرر کیا گیا ہے جس کے سبب یہ اسکولس اپنے معیار سے قاصر ہیں۔ عام طور پر شکایات مل رہی ہیں کہ اقامتی اسکولس میں تعلیم سے طلباء اور اولیائے طلباء کو دلچسپی ضرور ہے تاہم انگلش میڈیم اور کارپوریٹ معیار کی تعلیم کا انتظام نہ ہونے کے سبب مایوسی کا سامنا ہے۔ جن اساتذہ کے تقررات کئے گئے ان میں بعض انگلش اور اردو میڈیم کے بھی ہیں جو انگریزی میں تدریس کے موقف میں نہیں۔ اساتذہ اور دیگر عملے کے تقررات کے سلسلہ میں بے قاعدگیوں کی شکایات ملی ہیں۔ حال ہی میں حکومت کے مشیر اے کے خاں کی جانب سے مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے اجلاس میں این جی اوز نے تقررات میں بے قاعدگیوں اور مبینہ طور پر کرپشن کی شکایات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقررات کے علاوہ ضروری انفراسٹرکچر کی خریدی میں بھی اقامتی اسکولس سوسائٹی سے وابستہ افراد نے مبینہ طور پر رقومات حاصل کی ہیں۔ اگر اس معاملہ کی تحقیقات کی جائیں تو کئی حقائق سامنے آسکتے ہیں۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کی اسکیم کے تحت چیف منسٹر ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کے اقامتی اسکولس میں قابل اور اہل اساتذہ کے تقررات کے حق میں ہیں، حکومت نے 23494 ملازمین کے مرحلہ وار تقرر کی ہدایت دی ہے اور پہلے مرحلہ میں 8245 ملازمین کا تقرر کیا جائے گا جو تعلیمی سال 2017-18 کیلئے درکار ہے۔ حکومت نے کمزور طبقات اور اقلیتوں کیلئے بڑے پیمانے پر اقامتی اسکولس کا فیصلہ کیا ہے۔ بی سی طبقہ کیلئے پہلے مرحلہ میں 120 اسکولس جاریہ تعلیمی سال سے شروع کئے جائیں گے۔ اقلیتوں کے 71 اقامتی اسکولس گذشتہ سال سے کام کررہے ہیں ان میں مزید 129 کا اضافہ کیا جائے گا۔ اسکولوں میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے مستقل اسٹاف کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے حکومت نے پبلک سرویس کمیشن کو ہدایات جاری کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے 726 اسکولوں میں کوالیفائیڈ ٹیچرس کے تقرر کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقامتی اسکولوں میں ضرورت کے مطابق ہر سال تقررات کئے جائیں گے۔ ایس سی طبقہ کے 104 اقامتی اسکولس میں 3090 عملے کا تقرر کیا جائے گا۔ 30 ڈگری اقامتی کالجس میں 1500 اسٹاف کا تقرر ہوگا۔ 98 ایس سی اقامتی اسکولس میں پہلے ہی 3920 ملازمین کام کررہے ہیں۔ ویلگو اسکیم کے تحت 36 اقامتی اسکولس میں 776 ملازمین اور 65 ایس ٹی اقامتی اسکولس میں 1939 ملازمین برسرخدمت ہیں۔ اقلیتوں کے 82 اقامتی اسکولس میں عملے کی تعداد 2063 ہے۔ چیف منسٹر نے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے 23494 عہدوں میں سے 20299 ٹیچنگ اور 3195 نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کو منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اقامتی اسکولس کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کیلئے اراضی کے تعین میں تیزی پیدا کریں۔